اندھوں کا پارک

آؤ بچو آج تمہیں ایک عجیب و غریب پارک کی سیر کرائیں ۔ یہ دلچسپ اور عجوبہ پارک آسٹریلیا میں واقع ہے جو صرف اندھے لوگوں کے لئے بنایا گیا ہے ۔ پارک کے مین گیٹ یعنی صدر دروازے پر ہی ایک تختی آویزاں ہے جس پر موٹے اُبھرے ہوئے لفظوں میں لکھا ہوا ہے ’’اندھوں کا پارک ‘‘ اندھا آدمی ٹٹول کر اس عبارت کو پڑھ لیتا ہے ۔
بچو ! تمہیں یہ جان کر حیرت ہوگی کہ اس پارک کا نقشہ بنانے والا خود بھی آنکھوں کی روشنی سے محروم تھا ۔ بنانے والے نے اس پارک کو اس طرح بنایا ہے کہ جب کوئی اندھا آدمی تھوڑی دیر کے لئے اس پارک میں پہنچ جاتا ہے تو وقتی طورپر بھول جاتا ہے کہ وہ اندھا ہے اور آنکھوں کی روشنی سے محروم ہے ۔ وہ پارک میں موجود ہرچیز کو جاننے اور سمجھنے لگتا ہے ۔ وہاں کی استعمال میں آنے ولی چیزوں کے نام اور اس کے کام سے واقف ہوجاتا ہے ۔ اندھوں کے پارک میں ایک چڑیا گھر اور ایک ہوٹل بھی ہے ۔ اس چڑیا گھرمیں دنیا کے تمام پرندے موجود ہیں اور انھیں اس طرح رکھا گیا ہے کہ دیکھ کر تعجب ہوتا ہے ۔ اس پارک میں جابجا خوبصورت پھولوں کے پودے لگے ہوئے ہیں اور پھولوں کی کیاریوں کے اوپر ابھرے ہوئے الفاظ میں پھول کا نام ، اس کا رنگ اور دیگر تفصیلات سب کچھ لکھا ہوتا ہے ۔ اس طرح اندھا آدمی بغیر کسی کے بتائے وہ سب کچھ ٹٹول کر پڑھ لیتا ہے ۔ اس پارک میں ایک فوارہ بھی ہے جس سے مختلف رنگوں کا پانی ہمہ وقت نکلتا رہتا ہے لیکن اس فوارے کا انتظام اس طرح کا ہے کہ جو دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے ۔ اس کو بھی اندھا آدمی آواز سن کر ہی سمجھ لیتا ہے اور فوارے کی آواز سن کر ہی پانی کے رنگ کا پتہ لگالیتا ہے ۔ چھوٹے بچوں کی دلچسپی کا بھی یہاں سامان موجود ہے ۔ کھیلنے ، جھولا جھولنے اور جمناسٹک وغیرہ کا بھی انتظام ہے ۔