اندرون چار دن قلمدانوں کی تفویض : پارسیکر

پنجی ۔ 11 ۔ نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعلی گوا لکشمی کانت پارسیکر جاریہ ہفتہ کے اواخر میں اپنی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے وزراء کو قلمدان تفویض کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلی منوہر پارسیکر سے مشاورت کے بعد ہفتہ کے روز تک وزراء کو قلمدان تفویض کئے جائیں گے ۔ یاد رہے کہ لکشمی کانت پارسیکر کو گزشتہ ہفتہ ہی گوا کا نیا وزیراعلی بتایا گیا ہے کیونکہ منوہر پارسیکر کو مرکزی وزیر دفاع کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے جبکہ دیگر 9 وزراء نے بھی حلف لیا تھا ۔ 12 وزراء پر مشتمل مکمل کابینہ کیلئے دو وزراء کے عہدوں پر عمل آوری ہنوز باقی ہے ۔ لکشمی کانت پارسیکر نے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ قلمدانوں کو اپنے پیشرو کی طرح اپنے ہی پاس رکھیں گے ۔ انہو ںنے کہا کہ وزیر اعلی موثر کارکردگی کیلئے جو اہم قلمدان ہیں، انہیں اپنے ہی پاس رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ دیگر وزراء کی کارکردگیوں میں کوئی دخل اندازی نہیں کریں گے ۔ ہر وزیر کو یہ حق ہوگا کہ وہ جس طرح چاہے اپنی وزارت کی کارکردگی عمل میں لاسکتا ہے۔ البتہ ان کی رہنمائی کیلئے وہ (پارسیکر) ہمیشہ دستیاب رہیں گے۔ یاد رہے کہ منوہر پاریکر پر یہ الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ ہمیشہ دیگر وزارتوں میں بھی دخل اندازی کرتے ہوئے وزراء پر اپنا کنٹرول رکھتے تھے۔