حیدرآباد کو عالمی معیار کے مطابق تبدیل کرنے حکومت کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد میں اندرون 15 یوم مزید 100 مقامات کو وائی فائی خدمات سے مربوط کردیا جائے گا ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہروں کی فہرست میں شامل کروانے کے لیے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات میں یہ اقدام بھی انتہائی اہمیت کا حامل تصور کیا جارہا ہے ۔ حکومت تلنگانہ نے فیصلہ کیا ہے کہ بی ایس این ایل کے علاوہ دیگر مواصلاتی اداروں کے تعاون و اشتراک سے شہریان حیدرآباد کو روزانہ 45 منٹ مفت وائی فائی خدمات فراہم کی جائیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے 100 مقامات کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے جس میں سرکاری دفاتر کے علاوہ گہماگہمی والے بازار بھی شامل ہیں ۔ حیدرآباد جو کہ مرکزی حکومت کی جانب سے منتخب کردہ ان 2500 شہروں کی فہرست میں شامل ہے جہاں مرکزی حکومت نے ڈیجیٹل انڈیا منصوبہ کے تحت عوام کو عصری خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ حیدرآباد میں اندرون 15 یوم جو مفت وائی فائی خدمات شروع کی جائیں گی وہ شہریان حیدرآباد روزانہ 45 منٹ تک حاصل کرسکتے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ فوری طور پر یہ خدمات بس اسٹیشن ، مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے دفاتر ، حیدرآباد و رنگاریڈی ضلع کلکٹر دفاتر ، عدالت ، کے بی آر و اندرا پارک میں شروع کردی جائیںگی ۔ 15 یا 16 مارچ سے شروع ہونے والی اس وائی فائی خدمات سے استفادہ کے لیے صارفین کو لاگین آئی ڈی اور پاسورڈ دیا جائے گا ۔ حکومت کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات بالخصوص چارمینار ، ٹینک بنڈ ، سالار جنگ میوزیم کے علاوہ کئی جگہوں پر مفت وائی فائی خدمات شروع کی جاچکی ہیں اور عوام کی بڑی تعداد اس سے استفادہ کررہی ہے ۔ تفصیلات کے بموجب ایک وائی فائی ہاٹ سپاٹ پر بیک وقت 1800 تا 2500 افراد اپنے فون کے ذریعہ انٹرنیٹ خدمات حاصل کرسکتے ہیں ۔ بی ایس این ایل ذرائع کے بموجب سیاحتی مراکز پر جو وائی فائی خدمات فراہم کی جارہی ہیں اسے نہ صرف مقامی افراد استعمال کررہے ہیں بلکہ بیرونی سیاح بھی ان خدمات سے استفادہ کررہے ہیں ۔ حیدرآباد میں مفت وائی فائی خدمات کے آغاز کے ساتھ توقع ہے کہ 45 منٹ سے زیادہ استعمال کے خواہش مندوں کے لیے علحدہ علحدہ ڈاٹا پلان بھی متعارف کروایا جائے گا ۔۔