اندرون دو یوم ہزارہا افراد کے آنکھوں کی تشخیص

حیدرآباد۔17اگسٹ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے شروع کی گئی ’’آنکھوں کی روشنی ‘‘ اسکیم کے تحت اندرون دو یوم 33 ہزار سے زائد افراد نے استفادہ کیا ہے۔جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر کے 6 زونس میں مختلف مقامات پر جاری آنکھوں کے معائنہ کیمپ سے رجوع ہونے والوں کی تعداد میں آج اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔17اگسٹ کو دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جاری آنکھوں کے معائنہ کیمپ سے 17ہزار635افراد رجوع ہوئے جن میں 3ہزار 819افراد کو مفت عینکیں حوالہ کی گئی ہیںجبکہ 2ہزار751 افراد کو دیگر دواخانوں سے رجوع کیا گیا ہے تاکہ ان کے علاج کو یقینی بنایا جاسکے۔جی ایچ ایم سی کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق چارمینار زون میں 2854 افراد کیمپ سے رجوع ہوئے ہیں جن میں 457 کو عینکیں تقسیم کی گئیں جبکہ 451افراد کو ماہرین امراض چشم سے رجوع کیا گیا ہے تاکہ ان کا مستقل علاج کیا جاسکے۔ایل بی نگر میں 3171‘خیریت آباد میں 2361‘ شیر لنگم پلی میں 2172‘ سکندرآباد میں 3863 اور کوکٹ پلی میں 3214 افراد کیمپوں سے رجوع ہوئے ہیں۔16 اگسٹ کو 16ہزار 17 افراد نے گذشتہ یوم آنکھوں کے کیمپ سے استفادہ حاصل کیا جن میں 3ہزار 124افراد کو عینکیں تقسیم کئے گئے جبکہ 2408 افراد کو امراض چشم کے ماہرین سے رجوع کیا گیا۔مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی راست نگرانی میں جاری ان آنکھوں کے کیمپ سے رجوع ہونے والوں کو جی ایچ ایم سی کی جانب سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ آنکھوں کے معائنہ کے بعد ضرورت کے مطابق عینک کی اجرائی یا ماہر امراض چشم سے رجوع کیا جا رہاہے ۔دونوں شہر وںکے مختلف مراکز پر آج بھی مئیر کے علاوہ جی ایچ ایم سی کے اعلی عہدیداروں اور ضلع انتظامیہ کے عہدیداروں نے پہنچ کر کیمپوں کا جائزہ لیا۔