اندرون دو یوم کرن کمار کی نئی پارٹی کی تشکیل

کانگریس کے برطرف رکن پارلیمنٹ آر پی سامبا شیوا راؤ کا بیان

حیدرآباد /28 فروری (سیاست نیوز) حلقہ گنٹور کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے برطرف رکن پارلیمنٹ رائے پاٹی سامبا شیوا راؤ نے کہا کہ دو دن میں کرن کمار ریڈی کی صدارت میں نئی سیاسی پارٹی تشکیل دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کی غیر دستوری تقسیم پر کرن کمار ریڈی بطور احتجاج چیف منسٹر کے عہدہ کے ساتھ پارٹی اور اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوکر گزشتہ ایک ہفتہ سے وہ متحدہ آندھرا کی تحریک چلانے والوں سے مشاورت کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کرن کمار ریڈی طلبہ، سرکاری ملازمین، وزراء، ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ سماج کے مختلف طبقات اور ماہرین سے تبادلہ خیال کر رہے ہیں اور آئندہ دو دن میں وہ نئی سیاسی جماعت کا اعلان کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ پارٹی کا انتخابی نشان تیار ہو چکا ہے،

جب کہ نئی پارٹی میں 50 فیصد نشستیں متحدہ آندھرا کی تحریک چلانے والے ملازمین اور طلبہ کو اور ماباقی 50 فیصد نشستیں ایوانوں میں متحدہ آندھرا کی جدوجہد کرنے والے قائدین کو دی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ صرف 20 منٹ میں تلنگانہ کا بل کو پارلیمنٹ کی راست نشریات روک کر منظور کیا گیا۔ ہم نے ریاست کی تقسیم روکنے کی ہر ممکن کوشش کی، تاہم کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد نوٹس پیش کرنے کی پاداش میں ہمیں پارٹی سے برطرف کردیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ کرن کمار ریڈی کی جانب سے تشکیل دی جانے والی نئی سیاسی جماعت کو 20 لوک سبھا حلقوں کے علاوہ اسمبلی میں دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔