صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کی اسمبلی کوآرڈینٹرس کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے اسمبلی کوآرڈینٹرس کو پارٹی قائدین اور کارکنوں کے درمیان ’ رابطہ کا پل ‘ قرار دیتے ہوئے انہیں 10 یوم میں تمام بوتھ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت دی ۔ آج گاندھی بھون میں منعقدہ اضلاع کانگریس صدور اور اسمبلی کوآرڈینٹرس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر سی ڈبلیو سی کے رکن و انچارج تلنگانہ آر سی کنٹیا اے آئی سی سی سکریٹریز انچارج تلنگانہ کانگریس امور بوسو راجو ، سلیم احمد ، سرینواس کرشنن شکتی دیپ کے انچارج و رکن اسمبلی رام موہن ریڈی ، صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 2019 میں کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کے لیے اسمبلی کوآرڈینٹرس کو قائدین اور کارکنوں کے درمیان اہم رول ادا کرنے اور اندرون 10 یوم میں تمام بوتھ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت دی ۔ ہر اسمبلی حلقہ میں پارٹی کارکنوں اور پارٹی کے حامیوں کے نام بڑے پیمانے پر شکتی ایپ میں اندراج کرانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ۔ بوتھ تا اسمبلی سطح کی تمام کمیٹیاں 10 دن میں تشکیل دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 13 اور 14 اگست کو صدر کانگریس راہول گاندھی دو روزہ دورے پر حیدرآباد پہونچ رہے ہیں ۔ تب تک تمام بوتھ کمیٹیوں کی تشکیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس نے کہا کہ کوآرڈینٹرس اسمبلی حلقوں کے انچارج نہیں ہے بلکہ وہ قائدین اور کارکنوں کے درمیان رابطہ کا پل کی طرح کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شکتی ایپ کے ذریعہ اہم قائدین اور کارکنوں کے درمیان رشتوں کو مضبوط بنانے میں کلیدی رول ادا کررہا ہے ۔ شکتی ایپ کے اندراج میں کوئی غفلت نہ برتنے پر زور دیا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی 13 اگست کو دوپہر 2 بجے شمس آباد ایرپورٹ پہونچیں گے ۔ ضلع رنگاریڈی اور حیدرآباد میں بس یاترا کے ذریعہ عوام اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کریں گے ۔ راہول گاندھی کے پروگرامس کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات کام کرنے کی پارٹی قائدین و کارکنوں کو ہدایت دی ۔ راہول گاندھی کے حیدرآباد پہونچنے تک شکتی ایپ میں بڑے پیمانے پر ناموں کا اندراج کرنے کے ساتھ ساتھ اسمبلی و بوتھ کمیٹیوں ، سوشیل میڈیا کوآرڈینٹرس کی نامزدگیوں کو مکمل کرنے کا بھی مشورہ دیا ۔۔