حیدرآباد /27 اگست (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اندرون تین ماہ عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی۔ آج صبح میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات کہی۔ اس موقع پر کانگریس کی امیدوار سابق ریاستی وزیر مسز سنیتا لکشما ریڈی بھی موجود تھیں۔ پنالہ لکشمیا نے کہا کہ ٹی آر ایس نے کبھی نہ پورے ہونے والے وعدے کئے، جس پر عوام نے بھروسہ کیا، مگر اقتدار حاصل ہونے کے بعد ٹی آر ایس حکومت اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہو گئی۔ انھوں نے کہا کہ ناکافی بارش اور برقی قلت کے سبب کسان پریشان ہیں۔ حکومت کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے اور ان کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے کسان خودکشی پر مجبور ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فیس باز ادائیگی کے مسئلہ پر طلبہ
اور سرپرستوں کا تجسس برقرار ہے، حکومت ان کے لئے بلیک میل کی پالیسی اپنا رہی ہے۔ اسی طرح روزگار کی فراہمی کے معاملے میں عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ کو اعتماد میں لینے کی بجائے ان پر پولیس کے ذریعہ لاٹھی چارج کروائی گئی۔ علاوہ ازیں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے آبائی ضلع میدک میں اپنے جائز حقوق کے لئے احتجاج کرنے والے کسانوں پر بھی لاٹھی چارج کروائی گئی، لہذا عوام کانگریس امیدوار سنیتا لکشما ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناکر ٹی آر ایس حکومت کو سبق سکھائیں گے۔ دریں اثناء کانگریس امیدوار سنیتا لکشما ریڈی نے کہا کہ تین ماہ میں عوام، حکومت سے بدظن ہو چکے ہیں اور ٹی آر ایس کو اقتدار سونپنے پر افسوس ظاہر کر رہے ہیں، کیونکہ تین ماہ گزرنے کے باوجود حکومت نے عوام سے کئے گئے ایک بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ سماج کا ہر طبقہ حکومت سے ناراض ہے، طلبہ اور کسان مسائل سے دو چار ہیں، ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں میدک لوک سبھا کے عوام پر مکمل بھروسہ ہے کہ وہ ہماری کامیابی کو علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کو بطور تحفہ پیش کریں گے۔