اندرون تین سال حیدرآباد ملک کے ترقی یافتہ شہروں کی فہرست میں شامل ہوگا

اپوزیشن پارٹیاں تنقید کا نشانہ ، صنعت نگر ، ملکاجگیری ، کوکہ پیٹ اور الوال میں مختلف پروگرامس سے کے ٹی راما راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔ 4 ۔جنوری ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے دیگر وزراء این نرسمہا ریڈی اور سرینواس یادو کے ہمراہ سکندرآباد کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی اسکیمات کا افتتاح کیا۔ انہوں نے صنعت نگر ، ملکاجگیری ، کوکا پیٹ اور الوال میں مختلف پروگراموں میں شرکت کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس کو مستحکم کریں۔ کے ٹی آر نے عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے شہر کی ترقی کیلئے ٹی آر ایس حکومت کے اقدامات کا تذ کرہ کیا اور عوام کو یقین دلایا کہ آنے والے تین برسوں میں حیدرآباد ملک کے ترقی یافتہ شہروں میں سرفہرست رہے گا۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کی اور کہا کہ حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کی تائید کرنے کے بجائے اپوزیشن قائدین الزامات کے ذریعہ الجھن پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی تنقیدوں کی پرواہ کئے بغیر فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ کے ٹی آر نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے کارکنوں کو تیار رہنے کا مشورہ دیا ۔ انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں مختلف وعدوں اور لالچ کے ذریعہ عوام کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ کے ٹی آر نے صنعت نگر  میں ماڈل مارکٹ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو اسپورٹس کے مرکز میں تبدیل کیاجائے گا اور نوجوانوں کیلئے کھیل کود کی بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اسپورٹس کی ترقی اور فروخت میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہیں۔ مختلف مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے امداد فراہم کی گئی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ پانچ کروڑ روپئے کے مصارف سے صنعت نگر میں اسپورٹس کامپلکس تعمیر کیا جائے گا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہر میں مو جود پلے گراؤنڈس کا تحفظ کریں تاکہ نوجوان نسل مختلف کھیلوں میں مہارت حاصل کرسکیں۔ بیشتر پلے گراؤنڈس پر ناجائز قبضے ہوچکے ہیں ، لہذا پلے گراؤنڈس کا تحفظ کرنا حکومت کے ساتھ عوام کی بھی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے  کھیل کود کے شعبہ کو نظر انداز کردیا تھا ۔ کے ٹی آر نے کوکا پیٹ میں اسکولی طلبہ کیلئے دوپہر کے کھانے کی تیاری کے مرکز کا افتتاح کیا اور طلبہ کے ساتھ دوپہر کے کھانے میں شرکت کی اور کھانے کے معیار کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور طلبہ سے دوپہر کے کھانے کی سربراہی اور معیاری چاول کی سربراہی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور ہرے کرشنا مشن کے اشتراک سے اس اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ 50,000 افراد کو بھوجن مترا اسکیم کے تحت 5 روپئے میں کھانا سربراہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے اس اسکیم میں توسیع کا تیقن دیا۔ وزیر داخلہ این نر سمہا ریڈی نے کہا کہ حکومت الوال کے عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکاجگیری اسمبلی حلقہ کی ترقی پر چیف منسٹر نے خصوصی توجہ مرکوز کی ہیں۔ نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ شہر میں پانی کی قلت کے مسئلہ پر جلد ہی قابو پالیا جائے گا ۔ مشن بھگیرتی کے ذریعہ ریاست کے ہر گھر کو پینے کے پانی کا کنکشن فراہم کیا جائے گا ۔ وزیر داخلہ نے گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ حکومت کے ترقیاتی اقدامات کامیابی کی ضمانت ہیں ۔