ڈبل بیڈ روم سے مکان الاٹ کرنے کے ٹی آر کی پیشکش مسترد ، مسلم خاتون کا دیانتداری کا مظاہرہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : اراضیات ، مکانات اور فلیٹس پر ناجائز قبضہ جات اور اس کے لیے طاقت کا استعمال کرنے کے کئی واقعات سرخیوں میں آتے ہیں لیکن غربت کے باوجود دیانتداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبل بیڈ روم فلیٹ کی حرص سے بے پرواہ شاہدہ بیگم نے اپنی بوسیدہ جھونپڑی کو ٹین کا مکان بنانے کے حد تک خواہش کو محدود رکھا ۔ خواہشات لالچ پیدا کرتی ہے ۔ لیکن خواہش جب ضرورت کی حد تک محدود ہوجاتی ہے تو اس کے پورے ہونے کے اسباب بھی بننے لگتے ہیں ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ضلع راجنا سرسلہ کے منڈل مستا آباد میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات کا جائزہ لے رہے تھے ۔ تب ان کا سامنا شاہدہ بیگم سے ہوگیا ۔ شاہدہ بیگم نے جب اپنی مفلسی کی داستان ان کے سامنے پیش کی تو کے ٹی آر نے انہیں ڈبل بیڈ روم مکان اسکیم کے تحت فلیٹ دینے کا پیشکش کیا ۔ جس پر شاہدہ بیگم نے بے ساختہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ڈبل بیڈ روم فلیٹ کی ضرورت نہیں ہے ۔ اندرا گاندھی نے انہیں اراضی دی تھی جس پر وہ جھونپڑی تعمیر کرتے ہوئے قیام پذیر ہے ۔ مگر وہ جھونپڑی بوسیدہ ہوگئی ہے ۔ اس کو ہی ٹین کے شیڈ پر مشتمل مکان تعمیر کرانے کی خواہش کی اور جو بے گھر ہیں انہیں ڈبل بیڈ روم مکانات دینے کا مشورہ دیا ۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے غریب شاہدہ بیگم کی ایمانداری اور دیانتداری سے اتنا زیادہ متاثر ہوئے کہ انہوں نے اپنی جیب خاص سے شاہدہ بیگم کی اس خواہش کو پورا کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کا ثبوت پیش کیا ۔۔