نئی دہلی 29 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی نے آج شینا بورہ قتل کیس میں مقتولہ کی والدہ اندرانی مکرجی اور دو دوسروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ان پر قتل کی سازش رچنے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔ حکومت مہاراشٹرا کی جانبس ے اس کیس کی تحقیقات 10 دن قبل ہی سی بی آئی کے سپرد کردینے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ سی بی آئی کی خصوصی کرائم برانچ نے نامزد عدالت میں آج مقدمہ درج کروایا جس میں اندرانی مکرجی ‘ اس کے سابقہ شوہر سنجئے کھنہ اور سابق ڈرائیور شیامور پنٹو رام رائے کو ملزم بنایا گیا ہے ۔ سی بی آئی نے مقدمہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور ایف آئی آر میں کئی دفعات شامل کئے ہیں ۔ ان میں مجرمانہ سازش ‘ قتل ‘ اغوا ‘ شواہد کو تباہ کرنا اور آرمس ایکٹ کے دفعات وغیرہ شامل ہیں۔ پہلے یہ مقدمہ ممبئی پولیس نے درج کیا تھا جبکہ یہ الزامات عائد کئے گئے تھے کہ ملزمین نے شینا کے قتل کی سازش رچی تھی ۔ اس کیس میں کچھ اعلی پولیس عہدیداروں کے رول کو دیکھتے ہوئے سی بی آئی کو تحقیقات سونپی گئی ہیں۔