٭٭ کانگریس پارٹی سے بعض ارکان کے ٹی آر ایس میں انحراف کے مسئلہ پر قانون ساز کونسل میں تحریک التواء پیش کی گئی۔ کانگریس کے لیڈر ڈی سرینواس نے تحریک التواء پیش کی جسے صدر نشین سوامی گوڑ نے نامنظور کردیا ۔ ڈی سرینواس نے کہا کہ کانگریس کے بعض ارکان کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے مسئلہ پر کارروائی کے سلسلہ میں پارٹی نے اسپیکر سے نمائندگی کی ہے لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انحراف کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے لہذا صدر نشین کو اس معاملہ کی جلد یکسوئی کرنی چاہئے ۔ واضح رہے کہ قانون ساز کونسل میں کانگریس سے تعلق رکھنے والے 6 ارکان ٹی آر ایس سے وابستہ ہوچکے ہیں ان کی رکنیت ختم کرنے کیلئے پارٹی نے صدر نشین سے نمائندگی کی۔ تلگودیشم کے چار ارکان کی ٹی آر ایس میں شمولیت کو درست قرار دیتے ہوئے صدر نشین نے کل ہی اعلامیہ جاری کیا تھا۔ اسی دوران تلگودیشم نے اراضی کے مسئلہ پر ایک ریاستی وزیر کے ملوث ہونے کی اطلاع پر تحریک التواء پیش کی جسے صدر نشین نے نامنظور کردیا ۔