انحراف کے خلاف بھٹی وکرامارکا کی آج سے جمہوریت بچائو یاترا

کانگریس کے منحرف ارکان اسمبلی کے حلقوں کا احاطہ، عوام سے ملاقات
حیدرآباد۔27 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس ارکان اسمبلی کے بڑے پیمانے پر انحراف کے خلاف سی ایل پی لیڈر ملو بھٹی وکرامارکا نے کل سے جمہوریت بچائو یاترا کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ یہ یاترا انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کے انتخابی حلقوں کا احاطہ کرے گی۔ بھٹی وکرامارکا کل 28 اپریل کو بھدراچلم سے یاترا کا آغاز کریں گے۔ صبح بھدراچلم مندر میں پوجا کے بعد پریس کانفرنس اور پارٹی ورکرس سے خطاب کریں گے اور منگوڑ اسمبلی حلقہ میں رات میں قیام کریں گے۔ 29 اپریل کو وہ پیناپاکا اسمبلی حلقے میں یاترا منعقد کریں گے۔ اس حلقے میں اشواپورم، لکشمی پورم، پیپولا پلی علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا اور وہ یلندو میں شب بسری کریں گے۔ بھٹی وکرامارکا نے یاترا کے آغاز کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی اور غیر جمہوری انداز میں کانگریس کے ارکان اسمبلی کا انحراف دستور کی خلاف ورزی ہے۔ چیف منسٹر اور ٹی آر ایس کے صدر کے چندر شیکھر رائو اور کارگزار صدر کے ٹی راما رائو جنہوں نے دستور سے وفاداری کا حلف لیا تھا وہ انحراف کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں تاکہ اپوزیشن کا صفایا کردیا جائے۔ کے سی آر اور کے ٹی آر کانگریس کے منتخب نمائندوں کو برسر اقتدار پارٹی میں شامل کرنے کے لیے ہر طرح کے حربے استعمال کررہے ہیں۔ والد اور فرزند نے مختلف فوائد کی ترغیب دی ہے۔ یہ حیرت کی بات ہے کہ کے سی آر اور کے ٹی آر اپوزیشن کی آواز کچلنا چاہتے ہیں۔ قائد اپوزیشن کی حیثیت سے میں نے انحراف کے خلاف آواز بلند کی۔ جمہوریت پر ایقان رکھنے والے ہر شخص کا حق ہے کہ وہ اس غیر اخلاقی اقدام کے خلاف آواز بلند کریں۔ میں نے 28 اپریل سے منحرف ارکان اسمبلی کے حلقوں میں جمہوریت بچائو یاترا کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے عوام سے شرکت کی اپیل کی۔