تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے زوال کا آغاز ۔ ریونت ریڈی کا ادعا
حیدرآباد 26 فبروری ( آئی این این ) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے ورکنگ صدر اے ریونت ریڈی نے آج ادعا کیا کہ پارٹی کے کچھ ارکان اسمبلی کی جانب سے حال ہی میں کئے گئے انحراف سے پارٹی کو ریاست میں کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ گریٹر ورنگل بلدی انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں کو این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں حلف دلانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ جو قائدین اخلاق سے عاری ہیں وہ پارٹی سے انحراف کر رہے ہیں اور اس سے پارٹی کو تلنگانہ ریاست میںکوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد نے پارٹی چھوڑ دی ہے وہ مردہ افراد کے برابر ہیں۔ انہوں نے ای دیاکر راؤ کا نام لئے بغیر کہا کہ سیاسی قائدین کو پارٹی سے ہی نام ملتا ہے ۔ قائدین سے پارٹی کو نام نہیں ملتا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا زوال شروع ہوچکا ہے اور بہت جلد برسر اقتدار جماعت عوام کے اعتماد اور بھروسہ سے محروم ہوجائیگی ۔ انہوں نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے انتخابی نشان کار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی کار اب صرف پارکنگ شیڈ تک محدود ہوکر رہ جائیگی ۔