ریاستی حکومت کی اجازت ۔ جی او جاری کردیا گیا
حیدرآباد 28 اگسٹ ( ایجنسیز ) انجینئرنگ گریجویٹس جو تدریس کا پیشہ اختیار کرنا چاہتے ہیں وہ اب ایسا کرسکتے ہیں کیونکہ حکومت تلنگانہ نے ایک جی او جاری کرتے ہوئے انہیں ایجوکیشن کامن انٹرنس ٹسٹ ( ایڈ ۔ سیٹ ) لکھنے کی اجامت دیدی ہے ۔ ریاستی حکومت نے قومی کونسل برائے ٹیچر ایجوکیشن کی ہدایات کے مطابق بی ایڈ کورس کو ایک سال سے بڑھا کر دو سال بھی کردیا ہے ۔ اس جی او سے سال 2017 – 18 کیلئے بی ایڈ کالجس میں داخلوں کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ جاریہ سال سے آغاز کے ساتھ اب جو امیدوار بی ای یا بی ٹیک کرچکے ہیں اور و سائینس و ریاضی مضمون میں مہارت کے ساتھ 55 فیصد نشانات سے کامیاب ہوں وہ اب بی ایڈ انٹرنس امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں۔ جو امیدوار محفوظ زمرہ ایس سی ایس ٹی اور بی سی سے تعلق رکھتے ہیں ان کے کامیابی کے نشانہ کو 55 فیصد سے گھٹاکر 40 فیصد رکھا گیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکام کے مطابق بی ای اور بی ٹیک گریجویٹس جو ریاضی سے تعلق رکھتے ہوں وہ ریاضی میتھا ڈالوجی کے اہل ہونگے ۔ فزیکل سائینس مضمون والے گریجویٹس فزکس اور کیمسٹری مضامین اختیار کرتے ہوئے اہل ہوسکتے ہیں۔