انجینئرنگ کی تعلیم کے حصول میں دلچسپی کے ساتھ پڑھائی پر زور

اعلیٰ تعلیم اور روزگار پر ورکشاپ ، پروفیشنل کورس سے پیشہ کو اپنانے پر زور ،ظہیر بیگ اور چرن راجو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : انجینئرنگ کورس میں داخلے حاصل کرنے سے اچھے انجینئر نہیں بنتے یہ ایک اہم ترین پروفیشنل کورس ہے ۔ اس کے لیے سخت محنت کے ساتھ پڑھائی کرنا چاہئے ۔ انجینئرنگ کالجس کی بہتات اور اس میں آسانی سے داخلہ اور فیس ری ایمبرسمنٹ کی وجہ طلبہ کی اکثریت انجینئرنگ کررہی ہیں ۔ اس کے لیے انہیں اس پروفیشنل کورس اس کے برانچس ، اہمیت اور نصاب سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے پوری یکسوئی کے ساتھ تعلیم حاصل کرناچاہئے ۔ آئی آئی ٹی بھی انجینئرنگ ڈگری سطح پر تعلیم کے ادارے ہیں لیکن یہاں تعلیم حاصل کرنے کے بعد عالمی معیار کے انجینئر بن جاتے ہیں اور بعض طلبہ مضافاتی اور دیہی علاقہ جات میں جہاں تمام فیکلٹی ممبرس نہیں ہوتے انجینئرنگ ڈگری حاصل کر کے بے روزگار ہیں اور انہیں اچھی ملازمت کا حصول بھی مشکل ہے ۔ انجینئرنگ کی اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے مواقع منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ میں ان خیالات کا اظہار ماہرین نے یہاں اندرا پریہ درشنی آڈیٹویم پبلک گارڈن میں کیا ۔ مسٹر اے راجو سی ای او نے اپنے لکچر میں انجینئرنگ زیر تعلیم طلبہ کو درپیش مسائل اور اس کورس سے متعلق ان کی عدم دلچسپی کو عملی طور پر پیش کیا ۔ کئی طلبہ انجینئرنگ تعلیم حاصل کرتے ہیں لیکن انہیں اپنے برانچ اس کے خدوخال اس کے بعد کیا کرنا بالکل علم نہیں ہوتا بعض طلبہ سے جب انجینئرنگ کیوں کررہے ہیں کا سوال کیا جاتا تو وہ کہتے کہ ہمارے والد نے زبردستی داخلے دلوایا اس لیے کررہے ہیں ۔ انجینئرنگ تعلیم کو اگر کوئی طالب علم حاصل کررہا ہے تو اس کو پیشہ نہیں بلکہ کورس کی تکمیل کے بعد اچھا انجینئر بنے ۔ نامور سائنٹسٹ پروفیسر مرزا ظہیر بیگ کنگ فہد یونیورسٹی آف پٹرولیم سعودی عربیہ نے اپنے توسیعی لکچر میں طلبہ کو دوران کورس کس طرح پڑھائی کریں ۔ اس کے بعد کامیابی کے گر بتاتے ہوئے انٹرویو ، سافٹ اسکل ، سی وی کی تیاری ، ای میل آئی ڈی صحیح بنانے باڈی لینگویج کے ساتھ انٹرویو میں شرکت کرنے اس کے لیے ڈریس کوڈ بھی اہم ہوتا ہے ۔ آج کا دور جو عصری سہولیات سے آراستہ ہے فیس بک ، واٹس اپ عام ہے ۔ اس کا صحیح استعمال ضروری ہے ۔ انجینئرنگ طلبہ اس سے استفادہ اپنے کورس کے لیے بھی کرسکتے ہیں ۔ مسٹر محسن نے انگلش کمیونیکیشن اسکل پر زور دیا ۔ جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے صدارت کی ۔ اور صدارتی تقریر میں انجینئرس کے لیے اسکالر شپ حکومت ہند کے مالی امداد کی تفصیلات بتائی ۔ مس نوشین نے بڑی عمدگی سے نظامت فرائض انجام دئیے ۔ خواجہ علی شعیب نے تمام شرکاء کو معلوماتی کٹ اور اس کے شرکت کے لیے سرٹیفیکٹ کو پیش کیا ۔ اس ایک روزہ ورکشاپ کا اہتمام ماسٹر مائینڈس ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی نے کیا ۔ اس موقع پر جناب محمد اقبال ، محمد منور علی ایس ایم ٹکنو ، مخدوم علی ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ شاداں انجینئرنگ کالج ، ایم اے حمید کیرئیر کونسلر ، محمد معید ماسٹر مائینڈ اسکول اور کئی سرکردہ شخصیات موجود تھے ۔ آخر میں خواجہ علی شعیب آرگنائزر اور مس نوشین نے شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر تمام شرکاء کو اسنادات اور مہمانان کو مومنٹوز عطا کئے گئے ۔۔