حیدرآباد۔/31جولائی، ( سیاست نیوز) انجینئرنگ کورسیس میں داخلوں سے متعلق کونسلنگ کے مسئلہ پر تلنگانہ اور آندھرا پردیش حکومتوں کے درمیان تنازعہ دن بہ دن شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ آندھرا پردیش کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے7تا23اگسٹ ایمسیٹ کونسلنگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا تاہم تلنگانہ حکومت اسے قبول کرنے تیار نہیں۔ واضح رہے کہ ریاست کی تنظیم جدید سے متعلق قانون میں گنجائش رکھی گئی کہ دس برسوں تک پیشہ ورانہ کورسیس میں داخلوں کا موجودہ طریقہ کار ہی برقرار رہے گا۔ اس کے مطابق کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے انجینئرنگ کورسیس میں داخلوں کیلئے ایمسیٹ کونسلنگ کی تاریخوں کا اعلان کیا تاہم تلنگانہ حکومت اپنے لئے علحدہ کونسلنگ کے انعقاد کا منصوبہ رکھتی ہے۔ وزیر تعلیم تلنگانہ جگدیش ریڈی نے واضح کردیا کہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی ایمسیٹ کونسلنگ سے تلنگانہ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ سے خواہش کی کہ وہ کونسلنگ میں حصہ نہ لیں۔ کونسلنگ کے مسئلہ پر اگرچہ دونوں ریاستیں اپنے موقف پر اٹل ہیں اور تلنگانہ حکومت طلبہ کو کونسلنگ میں شرکت سے روک رکھی ہے تاہم طلبہ اس بات کو لیکر پریشان ہیں کہ اگر وہ کونسلنگ میں شرکت نہ کریں اور ان کی نشستوں کو کسی اور امیدوار کے ذریعہ پُر کردیا جائے تو پھر ان کے تعلیمی مستقبل کا کیا ہوگا۔ کیا تلنگانہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ان کیلئے زائد نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔ اسی دوران کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے صدر نشین وینو گوپال ریڈی نے آج چیف سکریٹری آندھرا پردیش آئی وائی آر کرشنا راؤ سے ملاقات کی اور اس تنازعہ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ملاقات میں کونسلنگ کے انعقاد کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ آندھرا پردیش حکومت 7تا23اگسٹ کونسلنگ کے انعقاد کے مسئلہ پر قائم ہے تاہم آندھرا پردیش حکومت کے موقف کے باعث کونسل فار ہائیر ایجوکیشن مسئلہ کے خوشگوار حل کی خواہاں ہے تاکہ دونوں ریاستوں کے طلبہ کونسلنگ میں حصہ لیکر اپنے داخلوں کو یقینی بناسکیں۔ اسی دوران عثمانیہ یونیورسٹی طلبا جے اے سی کی جانب سے کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے دفتر میں احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا۔ طلبا نے ایمسیٹ کونسلنگ کی تواریخ کے اعلان کی مخالفت کی اور کونسل کے صدرنشین کے چیمبر کے روبرو دھرنا منظم کیا۔ طلبا نے کونسلنگ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عہدیداروں نے احتجاجی طلباء سے کہا کہ ایمسیٹ کونسلنگ کی تاریخیں صرف آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے طلباء کیلئے ہیں۔ طلباء نے مانگ کی کہ صدرنشین کونسل فار ہائیر ایجوکیشن اس سلسلہ میں وضاحت کرکے تلنگانہ طلباء کو مطمئن کریں۔