طلبہ اور اولیائے طلبہ میں مسرت کی لہر
حیدرآباد۔ 7 اگست (سیاست نیوز) انجینئرنگ کالجس میں داخلوں کیلئے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق آج تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستوں میں ایمسیٹ کونسلنگ کا آج سے آغاز ہوا۔ ریاست آندھرا پردیش میں جنرل (عام) زمرہ کے تحت طلباء کی کونسلنگ جاری ہے جبکہ تلنگانہ ریاست کی حیدرآباد میں خصوصی زمرہ کے تحت کونسلنگ جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میں ایمسیٹ کونسلنگ، ٹیکنیکل ایجوکیشن بھون میں کی جارہی ہے اور یہ کونسلنگ خصوصی زمرہ یعنی این سی سی اسپورٹس، جسمانی معذورین اور ایکس سرویس مین (سابق ملازم فوج) کوٹہ کیلئے شروع کی گئی ہے۔ اس خصوصی زمرہ کے تحت آج مذکورہ طلبہ کو پہلے رینک تا 40 ہزار رینک کے حامل طلبہ کو کونسلنگ کیلئے طلب کیا گیا اور یہ رینکس میں دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے طلباء شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش ریاست میں جاری ایمسیٹ کونسلنگ کیلئے پہلے رینک تا 5 ہزار رینک رکھنے والے عام زمرہ کے طلباء کو ہی طلب کیا گیا۔ محکمہ فنی تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں نے یہ بات بتائی اور کہا کہ تلنگانہ ریاست کے ساتھ آندھرا پردیش کے 13 اضلاع میں جملہ 34 مراکز پر کونسلنگ پرامن طور پر جاری ہے۔ مسٹر رگور ناتھ چیف کیمپ آفیسر برائے ایمسیٹ کونسلنگ نے بتایا کہ آج کونسلنگ کے سلسلے میں جملہ 2 ہزار طلباء نے اپنے صداقت ناموں کی جانچ کروائی، جبکہ تلنگانہ میں عام زمرہ کی کونسلنگ کیلئے صداقت ناموں کی جانچ کا آغاز 9 اگست سے شروع کیا جائے گا اور اس سلسلے میں کل یعنی 8 اگست کو منعقد ہونے والے سیٹ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء میں ایمسیٹ کونسلنگ و داخلوں سے متعلق پائے جانے والے مختلف شکوک و شبہات کو سب سے پہلے دور کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور آج کونسلنگ کا آغاز ہونے پر نہ صرف طلباء بلکہ ان کے سرپرستوں میں بھی مسرت پائی جارہی ہے۔