منڈی 17 جون (پی ٹی آئی) مدھیہ پردیش کے دریائے بیاس میں 8 جون کو بہہ جانے والے حیدرآباد کے 17 لاپتہ انجینئرنگ طلبہ کی نعشیں تلاش کرنے کیلئے جاری مہم میں آج غوطہ خوروں کو ناکامی ہوگئی۔ اس دوران نعشوں کی تلاش کے لئے جاری یہ مہم آج دسویں دن میں داخل ہوگئی جو ماقبل مانسون کی بارش کے نتیجہ میں رکاوٹوں سے دوچار ہوئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے کمانڈنگ آفیسر جئے دیپ سنگھ نے کہاکہ امداد و راحت کے کام آج طلوع کے ساتھ شروع ہوئے تھے۔ دریائے بیاس کی 5 کیلو میٹر طویل پٹی میں کئی عصری آلات اور اوزار کے استعمال کے باوجود ایک نعش کا بھی پتہ نہیں چل سکا۔ راحت کارروائی گزشتہ روز بھی آبگیر رقبہ میں موسلا دھار بارش کے سبب بُری طرح متاثر ہوئی تھی۔