حیدرآباد ۔ 5 ۔ جولائی : ( آئی این این ) : حکومت تلنگانہ ایمسیٹ پر مبنی انجینئرنگ اور میڈیسن جیسے پیشہ وارانہ کورسیس میں داخلوں کے عمل کی تکمیل کے لیے قبل ازیں عدالت کی طرف سے مقررہ کردہ تاریخ یکم اگست 2014 کے بجائے اواخر اکتوبر 2014 تک توسیع کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرے گی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں آج یہاں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں وزیرتعلیم جی جگدیش ریڈی ، چیف سکریٹری راجیو شرما ، اسپیشل چیف سکریٹری ریمنڈ پیٹر ، پرنسپال سکریٹری برائے چیف منسٹر ایس نرسنگ راؤ ، سکریٹری تعلیم وکاس راج کمشنر فنی تعلیم سائیلجہ رامئیر اور ایڈوکیٹ جنرل رام کرشنا ریڈی نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے ایڈوکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ وہ پیر کو سپریم کورٹ میں اپیل دائر کریں ۔ جس کی وجوہات بیان کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد کیڈر کی تخصیص کا عمل مکمل نہیں ہوسکا ہے ۔ افسران کی شدید قلت ہے ۔ بالخصوص فیس ری ایمبرسمنٹ ایک وسیع کام ہے جس پر سخت محنت درکار ہے ۔ چنانچہ انجینئرنگ اور میڈیسن میں داخلوں کے عمل کی تکمیل میں اکتوبر تک توسیع کی ضرورت ہے ۔۔