انجینئرنگ ، اگریکلچرل و میڈیسن میں داخلہ انٹرنس ’’ایمسیٹ 2014‘‘

حیدرآباد 18 مئی (سیاست نیوز) ریاست بھر میں انجینئرنگ، اگریکلچرل و میڈیسن کورسیس میں داخلوں کیلئے ’’ایمسیٹ 2014‘‘ کا 22 مئی کو منعقد ہوگا۔ ایمسیٹ2014 ء کے وسیع پیمانے پر اور پرامن انعقاد کیلئے وسیع تر تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور اس مرتبہ ایمسیٹ 2014 ء میں ایک ٹسٹ بھی تاخیر سے امتحانی مرکز پر پہونچنے والے کسی بھی امیدوار کو ایمسیٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پروفیسر این وی رمنا راؤ کنوینر ایمسیٹ 2014 ء نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ریاست بھر میں انجینئرنگ ایمسیٹ کے لئے 523 اور اگریکلچر میڈیسن ایمسیٹ کیلئے 227 امتحانی مراکز جملہ 750 مراکز قائم کئے گئے۔ اُنھوں نے مزید بتایا کہ ایمسیٹ انجینئرنگ کیلئے اس مرتبہ 2,82,743 امیدوار اور اگریکلچرل و میڈیسن کیلئے اس مرتبہ 1,12,869 امیدوار جملہ 3,95,612 امیدوار شرکت کریں گے۔ جبکہ گزشتہ سال یعنی ایمسیٹ 2013 میں انجینئرنگ کیلئے 291083 اور اگریکلچرل و میڈیسن کیلئے 105070 امیدواروں نے شرکت کی تھی۔ اُنھوں نے بتایا کہ گزشتہ سال انجینئرنگ و میڈیسن وغیرہ کیلئے جملہ 3,96,153 امیدواروں نے شرکت کی اور اس سال ایمسیٹ2014 میں امیدواروں کی تعداد میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ کنوینر ایمسیٹ نے کہاکہ امتحانی اوقات ایمسیٹ انجینئرنگ کیلئے صبح 10 تا ایک بجے دن اور اگریکلچرل و میڈیسن کیلئے ڈھائی بجے دوپہر تا ساڑھے پانچ بجے شام ہوں گے اور امیدواروں کو چاہئے کہ وہ کم سے کم ایک گھنٹہ قبل ہی اپنے اپنے امتحانی مراکز پر پہونچ جائیں۔ تاکہ امیدواروں کی جانچ وغیرہ کے مراحل کی جلد سے جلد تکمیل ہوسکے۔ ڈاکٹر این وی رمنا راؤ کنوینر ایمسیٹ 2014 ء نے بتایا کہ ایمسیٹ 2014 ء کے انعقاد کی تیاریوں کا مکمل جائزہ لینے کیلئے گزشتہ دن ایک اہم اجلاس طلب کیا گیا۔

اس اجلاس میں صدرنشین ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم پروفیسر وینو گوپال ریڈی ، راجیشور راؤ وائس چانسلر جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی مسٹر وی کے سنگھ اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس، مدھو سدن ریڈی شعبہ انٹلی جنس و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں ایمسیٹ 2014 ء کے پرامن و کسی بھی نوعیت کی بے قاعدگیوں سے پاک انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر و سخت ترین اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں جو بھی مسائل سے دوچار مراکز ہوں گے، ان امتحانی مراکز پر جامرس کی تنصیب عمل میں لانے کے اقدامات کا جائزہ لینے، امتحانی مراکز کے قریب پائے جانے والے تمام ہوٹلس، لاڈجس پر بھی گہری نظر رکھنے کے علاوہ سابق میں ایمسیٹ تحریر کردہ و ناکام امیدواروں پر بھی کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا

اور کہا گیا کہ مشکوک طلباء (امیدوار) کی مکمل تفصیلات پولیس عہدیداروں کو فراہم کی جائیں گی۔ کنوینر ایمسیٹ ڈاکٹر این وی رمنا راؤ نے ایمسیٹ 2014 میں شرکت کرنے والے امیدواروں سے امتحانی مراکز پر تعینات عہدیداروں کے ساتھ تعاون کرنے کی پرزور اپیل کی۔