انجینئرس کو جدید ٹیکنالوجی سے واقف کروانے کا مطالبہ

صدر انجینئرنگ اسٹاف کالج آف انڈیا ڈاکٹر یوچندرا شیکھر و دیگر کا بیان
حیدرآباد 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) ملک کے پروفیشنل سوسائٹیز اور ادارں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پروفیشنل کالجس میں تعلیم حاصل کرنے والے انجینئرس اور سائنسدانوں میں جدید سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق صلاحیتوں کو اُبھارنے میں اہم رول ادا کریں تاکہ ملک کے انجینئرس اور سائنسدانوں میں پائی جانے والی قابلیت اور فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیگر ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں ہندوستان کے نام کو درج کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں صدر انجینئرنگ اسٹاف کالج آف انڈیا ڈاکٹر مرلی کرشنا ریڈی، سکریٹری و ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر یو چندراشیکھر ایم ڈی، ایلومین مسٹر وی سرینواس پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے بتایا کہ آج انفارمیشن اینڈ کمیونکیشن ٹیکنالوجی کے علاوہ دیگر شعبہ جات میں بھی کافی تیزی سے ترقی کررہا ہے اور ہندوستان میں واقع انجینئر انسٹی ٹیوشن بھی طلباء میں موجود پوشیدہ صلاحیتوں کو اُبھارنے کی جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں تاکہ ملک کے تئیں اپنا حصہ ادا کرنے میں ملک کے انجینئرس اور سائنسدانوں میں خود اعتمادی پیدا ہوسکے۔ انھوں نے ملک کے تمام انجینئرس اور سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم محنت و مشقت کے ساتھ دلچسپی کے ساتھ حاصل کریں اور پروفیشنل طلباء کو چاہئے کہ وہ نہ صرف اپنے پیشہ کو روزگار کے طور پر استعمال کریں بلکہ انھیں چاہئے کہ وہ جس کورس سے وابستہ ہوں اُس میں تحقیق اور ریسرچ پر توجہ دیتے ہوئے نئی ایجاد کی جستجو میں لگے رہیں تاکہ ملک و قوم کے نام کو روشن کرنے کے علاوہ اُن کا اور ان کے والدین کا بھی نام روشن ہوگا۔ اس موقع پر انجینئرنگ کالج آف انڈیا کے ذمہ داران مسٹر اشوک کمار بھاسا اور دیگر بھی موجود تھے۔