انجن میں خرابی سے ٹرین سرنگ میں رک گئی

چندی گڑھ ۔ 16 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کڑہ کیلئے جو ماتا وشنو دیوی کے مندر کیلئے جاانے والے راستہ کا بیس کیمپ ہے ، شروع کی گئی فاسٹ ٹرین آج صبح ایک سرنگ میں ایک گھنٹے تک رکی رہی ۔ کڑہ ریلوے اسٹیشن کے قریب انجن کے فیل ہوجانے سے یہ واقعہ پیش آیا ۔ نئی دہلی سے کڑہ تک سفر کرنے والی مکمل ایرکنڈیشنڈ سوپر فاسٹ شری شکتی ایکسپریس اپنے دوسرے سفر پر تھی کہ اسٹیشن سے پانچ کیلو میٹر پہلے یہ واقعہ رونما ہوا ۔ دریں اثناء ڈیویژنل ریلوے مینجر فیروز پور ڈیویژن این سی گوئل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین کی کڑہ آمد کا مقررہ وقت صبح 5-10 ہے لیکن ٹرین ٹھیک 7.00 بجے وہاں پہنچی ۔ ریلوے ذرائع نے بھی اس بات کی توثیق کی کہ سرنگ کے اندر انجن کے فیل ہوجانے سے ٹرین تقریباً ایک گھنٹہ تک سرنگ کے اندر ہی رہی ۔ چونکہ کڑہ ایک نیا ریلوے اسٹیشن ہے جہاں سے حال ہی میں ٹرین خدمات کا آغاز وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھوں عمل میں آیا تھا ۔ لہذا ردھم پور سے فوری دوسرے انجن کو اس مقام تک روانہ کیا گیا جس کے بعد ٹرین دوبارہ ا پنے سفر پر روانہ ہوئی لیکن یہ تمام کارروائیاں انجام دینے میں کافی وقت ضائع ہوا جس کی وجہ سے ٹرین اپنے مقررہ وقت پر کڑ ہ اسٹیشن نہیں پہنچ سکی۔