مہیندر ریڈی کی سبکدوشی کے بعد پیدا شدہ خلاء پُر کرنے کی کوشش
حیدرآباد۔/20جون، ( سیاست نیوز) مسٹر انجنی کمار نے بحیثیت کمشنر پولیس حیدرآباد آج 100 دن مکمل کرلئے ہیں۔ جاریہ سال 12 مارچ کو انجنی کمار نے سٹی پولیس سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا اور یہ ذمہ داری حاصل کرنے کے بعد سے ہی وہ سابق کمشنر پولیس مسٹر مہیندر ریڈی کی طرز پر کام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مہیندر ریڈی کو ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ کے رتبہ پر ترقی دیئے جانے کے بعد انجنی کمار نے ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت کے تیسرے کمشنر پولیس کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا ۔ مہیندر ریڈی کی جانب سے حیدرآباد سٹی پولیس کو بین الاقوامی معیار اور اسمارٹ و سیو سٹی میں تبدیل کرنے کے اقدامات کے ضمن میں وہ بھی اسی طرز کے اقدامات کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور انہوں نے اس میں بڑی حد تک کامیابی بھی حاصل کی ہے۔ سابق کمشنر پولیس مہیندر ریڈی کے اس عہدہ سے ہٹنے کے بعد سٹی پولیس میں ایک خلاء پیدا ہوگیا تھا جس کو پُر کرنے کیلئے آئے دن انجنی کمار مختلف قسم کے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے اس اہم عہدہ پر فائز ہونے کے بعد اندرون 100 دن 15 سے زائد روڈی عناصر کو پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا، واٹس اپ وائس کے ذریعہ شہریان اور اپنے ماتحتین کو پیغام پہنچانے کے سلسلہ کا آغازکیا ہے۔ عوام دوست پالیسی کے تحت عوام اور پولیس کے درمیان کرکٹ لیگ میچس کا بھی انعقاد کیا گیا اور کسی بھی درخواست گذار کی جانب سے انہیں فون کرنے یا ملاقات پر مسائل کی یکسوئی کررہے ہیں۔