مینجمنٹس کے طرز عمل پر کڈیم سری ہری کا اظہار تشویش
حیدرآباد ۔ /7 ڈسمبر (این ایس ایس) ڈپٹی چیف منسٹر ( وزیر تعلیم) کڈیم سری ہری نے آج اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ انجنیئرنگ کالجس کے مینجمنٹس فیس میں اضافہ کے خلاف کئے گئے فیصلہ کی پابندی نہیں کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قواعد کی یکسر خلاف ورزی ہے کیونکہ کالجس تعلیمی سال کے درمیان میں فیس میں اضافہ کے لئے عدالتوں سے رجوع ہوئے ہیں ۔ یہاں کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیاس ، جے این ٹی یو کے اسکول لیڈرس کے ایک پروگرام سے مخاطب کرتے ہوئے کڈیم سری ہری نے انجنیئرنگ کالجس کو مشورہ دیا کہ وہ اس طرح کی بے قاعدگیوں کو روک دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کالجس نے فیس کنٹرول کمیٹی کے فیصلہ سے اتفاق کیا ہے کہ وہ فیس میں اضافہ نہیں کریں گے ۔ سری ہری نے کہا کہ حکومت نے فیس میں اضافہ کیلئے کالجس کی درخواست کو ایک جی او کے ذریعہ مسترد کردیا ہے کیونکہ سال کے درمیان میں فیس میں اضافہ سے اولیاء طلباء کیلئے کافی مشکلات ہوں گی ۔ اس لئے حکومت نے اس کی اجازت نہیں دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انجنیئرنگ کالجس کو فیس میں اضافہ نہیں کرنا چاہئیے ۔ کیونکہ اس سے اولیاء طلبہ اور حکومت کیلئے مشکلات پیدا ہوں گی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انجنیئرنگ کالجس کو قواعد کی خلاف ورزی سے اجتناب کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ (انجنیئرنگ کالجس) فیس کنٹرول کمیٹی سے منظوری حاصل کرکے آئندہ تعلیمی سال فیس میں اضافہ کرسکتے ہیں ۔