نوجوانان مشیر آباد کے جذبہ خدمت خلق کی جناب زاہد علی خاں کی جانب سے ستائش
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( نمائندہ خصوصی ) : ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد کے ایک محلہ میں کچھ ایسے نوجوان ہیں جن کے دل جذبہ خدمت خلق سے سرشار ہیں وہ غریبوں ، ضرورت مندوں ، محتاجوں ، مریضوں اور طلبہ کی بلالحاظ مذہب و ملت خدمات انجام دیتے ہوئے خوشی محسوس کرتے ہیں ۔ اگر محلہ یا اس کے اطراف و اکناف کسی غریب کا انتقال ہوجائے تو یہ نوجوان متوفی کے رشتہ داروں کی مدد کرنے کے لیے دوڑ پڑتے ہیں ۔ ان کے گھروں کے سامنے دیکھتے ہی دیکھتے ڈیرے نصب کردیتے ہیں ۔ قارئین ہم بات کررہے ہیں بھولکپور مشیر آباد کے خداترس نوجوانوں کی جو دولت مند اور زیادہ تعلیم یافتہ تو نہیں لیکن وہ بلالحاظ مذہب وملت عوام کی جو خدمات انجام دے رہے ہیں وہ شائد بڑے بڑے فلاحی ادارے بھی انجام نہ دے سکیں ۔ ان نوجوانوں نے سال 2012 میں انجمن محبان اہلبیت قائم کی اور اس طرح اس تنظیم کے ذریعہ خدمت خلق کا آغاز کیا ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ان نوجوانوں کے جذبہ خدمت خلق سے کافی متاثر ہوئے اور ان کی ترغیب پر سکریٹری و ٹرسٹی فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین اور فیض عام ٹرسٹ کے ٹرسٹی جناب رضوان حیدر نے انجمن محبان اہلبیتؓ کو پچاس پچاس ہزار روپئے جملہ ایک لاکھ روپئے بطور عطیہ پیش کی اور یہ رقم ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں انجمن کے صدر محمد شفیع الدین اور سکریٹری محمد سعید احمد کے حوالے کئے گئے ۔ ان نوجوانوں کو ٹینٹ ہاوز کے لیے 1.56 لاکھ روپئے درکار تھے ۔ جناب افتخار حسین کے مطابق وہ اور ان کے داماد جناب رضوان حیدر انجمن محبان اہلبیت کے کاموں سے کافی متاثر ہوئے یہ نوجوان اپنے جیب خرچ اور ہمدردان ملت کی مالی مدد سے ماہانہ 300 بیواؤں میں فوڈ پیاکیج تقسیم کرتے ہیں ۔ ان کی انجمن کی جانب سے 30 سال سے زائد عمر کی خواتین کے لیے ٹیلرنگ سنٹر عربی تعلیم کا انتظام کیا گیا ۔ اس کے علاوہ لڑکے لڑکیوں کے لیے کمپیوٹر کلاسیس ایس ایس سی ، انٹر میڈیٹ طلبہ کے لیے خصوصی کوچنگ کے علاوہ ڈینٹل ٹکنیشن کی کلاسیس چلائی جاتی ہیں ۔ یہ نوجوان گاندھی ہاسپٹل کے مریضوں اور ان کی خدمت کرنے والوں میں غذائی پیاکٹس وغیرہ کی تقسیم بھی عمل میں لاتے ہیں ۔ جن بیرونی ریاست کے لوگ اپنے عزیزوں کی نعشیں حاصل کرنے مردہ خانہ پہنچتے ہیں ان کے کھانے کا انتظام بھی کیا جاتا ہے ۔ یہاں تک کہ غریبوں کے لیے میتوں کی منتقلی کے لیے ٹرانسپورٹ کا بھی انتظام کرتا ہے ۔ یہ ایسے نوجوان ہیں جو غریبوں کی تجہیز و تکفین میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ۔ قبور کھودنے سے بھی گریز نہیں کرتے ۔ انجمن محبان اہلبیت کی جانب سے بلا لحاظ مذہب و ملت لڑکیوں کو حفاظت خود اختیاری کی تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے اور یہ تربیت انجمن کے صدر محمد شفیع الدین دیتے ہیں جو کراٹے کے چار اسٹائیل میں بلیک بیلٹ رکھتے ہیں ۔ اب تک انہوں نے 500 لڑکیوں کو کراٹے سکھائے جن میں سے 10 نے بلیک بیلٹ حاصل کیا ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کے مطابق ملت کے فلاحی کاموں میں فیض عام ٹرسٹ سیاست کے شانہ بشانہ چل رہا ہے ۔ اس نے مظفر نگر ( یو پی ) دہلی اور کشمیر میں فسادات متاثرین غریب طلبہ اور سیلاب کے متاثرین کی بھر پور مدد کی اور وہ انجمن محبان اہلبیت کے نوجوان عہدیداروں ڈی محمد شفیع ، محمد سعید احمد پولیوشن کنٹرول انجینئر و سکریٹری خواجہ معین الدین عرف بابا ، محمد ابراہیم ممبئی ، محمد واجد کراٹے ، صوفی مجیب ، محمد نعیم سوداگر ، محمد ذاکر ، محمد ادریس ، محمد ابوبکر ، محمد سہیل ، محمد حسن الدین وغیرہ کے جذبہ ملی ہمدردی سے کافی متاثر ہیں ۔ امید ہے کہ ان نوجوانوں کی خدمات سے نہ صرف بھولک پور مشیر آباد کے عوام بلکہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے عوام بھی مستفید ہوں گے ۔۔