انجمن محبان اردو کا مشاعرہ ’ جشن نور امروہوی ‘

امریکہ کے مختلف شہروں سے نور امروہوی کو مبارکبادیاں
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( راست ) : انجمن محبان اردو تلنگانہ کے زیر اہتمام عالمی مشاعرہ جشن نور امروہوی 12 نومبر کو للیتا کلاتھورانم باغ عامہ نامپلی منعقد ہوگا ۔ شیخ نعیم معتمد استقبالیہ کے بموجب سید مسکین احمد بانی کی راست نگرانی میں تیاریاں زوروں پر ہیں ۔ کویت ، قطر ، سڈنی اور امریکہ کے مترنم شاعر جناب نور امروہوی حیدرآباد آمد ہوگی ۔ جس میں جناب منور رانا ، راحت اندوری کے ساتھ شریک ہوں گے ۔ نور امروہی کے ہمراہ امریکہ سے حسن پور کے نواب نجم خاں شرکت کے لیے آرہے ہیں ان کے علاوہ امروہہ ، دلی ، ممبئی سے ان کے احباب کی کثیر تعداد بھی شرکت کرے گی ۔ ڈاکٹر شمس قریشی ، مسرور جاوید ، کمال الدین احمد ، شہناز سلیم ، روبی ڈار ، افشاں علی ، شمیم فرحت نے جشن نور امروہوی کے انعقاد اور جناب زاہد علی خاں کی سرپرستی و صدارت پر خوشنودی کا اظہار کیا اور امریکہ کے مختلف شہروں سے اپنے مبارکباد دی کے پیام روانہ کئے ۔ ذیلی کمیٹیاں شب و روز مصروف ہیں اور سامعین کے لیے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ داخلہ کی عام اجازت رہے گی ۔ قبل از وقت نشستیں سنبھالنے کی خواہش کی گئی ہے ۔۔
حیدرآباد لیٹریری فیسٹیول
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد لیٹریری فیسٹیول کا 27 تا 29 جنوری 2017 حیدرآباد پبلک اسکول بیگم پیٹ پر انعقاد ہوگا ۔ اس حیدرآباد لیٹریری فیسٹیول کے ساتویں ایڈیشن کا فلپائن مہمان ملک ہوگا  جب کہ پروفیسر وم ناڈیرا ڈائرکٹر آف دی فلپائنس انٹرنیشنل لیٹریری فیسٹیول اینڈ یونیسکو فیلو کی زیر قیادت ادیب ، فنکاروں ، ماہرین تعلیم پر مشتمل تیرا رکنی وفد پیانل مباحث میں حصہ لے گا ۔ فیسٹیول کے دوران ورکشاپس ، تہذیبی پروگرامس کا انعقاد ہوگا ۔ ہندوستان میں متعینہ فلپائین کے سفارت کار فیسٹیول کا افتتاح انجام دیں گے ۔ فلپائینی ادیب فنکار ان کے ملک کی تہذیب و تمدن کو پیش کریں گے ۔ اس دوران پنگلے ڈانس ، میوزک ، شعر و شاعری کے مظاہرے پیش کئے جائیں گے ۔۔