حیدرآباد ۔ 23 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : انجمن محبان اردو کی مجلس عاملہ کا اجلاس بصدارت سید مسکین احمد منعقد ہوا ۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ بعد رمضان علاقہ تلنگانہ کے تمام بڑے شہروں میں جشن تلنگانہ مشاعروں کا انعقاد عمل میں لایا جائے اور تمام اردو تنظیموں کو متحرک کرتے ہوئے اردو تعلیم اور دفاتر اور عام مقامات پر اردو چلن کے لیے منظم تحریک چلائی جائے اور کے سی آر حکومت کو بہترین تجاویز کے ساتھ نمائندگی کی جائے ۔ حیدرآباد میں تاریخی عالمی مشاعرہ منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس میں دنیائے اردو کے ممتاز شعراء کو مختلف ممالک سے مدعو کیا جائے گا اور اس کے افتتاح کے لیے وزیر اعلی تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ صاحب سے خواہش کی جائے گی ۔ یہ ذکر بے محل نہ ہوگا کہ کے سی آر نے کچھ عرصہ قبل جناب زاہد علی خاں صاحب کی زیر صدارت منعقدہ انجمن محبان اردو کے مشاعرہ کا افتتاح کیا تھا اور انجمن محبان اردو اور جناب مسکین احمد کی طویل ادبی سرگرمیوں کی ستائش کی تھی ۔ ارکان نے خیال ظاہر کیا کہ مشاعرہ کو فتح میدان میں منعقد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ عالمی مشاعرہ کی تیاری کے لیے ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔تاریخ کا متعاقب اعلان کیا جائیگا ۔۔