انجلینا جولی سیاست یا سفارت میں آنے کی آرزو مند

واشنگٹن ، 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہالی وڈ میں اداکاری سے عالمی سطح پر شہرت پانے والی اور 2012ء سے دنیا کے مختلف حصوں میں انسانی بنیادوں پر مصروف عمل رہنے والی انجلینا جولی نے سیاست ، سفارت یا حکومت میں سے کسی ایک میدان میں آنے کا عندیا دیا ہے۔ جولی کے مطابق ’’ اگر آپ حقیقی معنوں میں بڑی تبدیلی چاہتے ہیں تو پھر آپ کے پاس ذمہ داری کا ہونا ضروری ہے، لیکن میری یہ ایماندارانہ رائے ہے کہ مجھے نہیں معلوم میں سیاست کیلئے زیادہ موزوں ہوں ، سفارت کاری کیلئے یا انتطامی امور کی انجام دہی کیلئے، البتہ میں ان شعبوں میں سے کسی ایک میں آنے کیلئے تیار ہوں‘‘۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران جولی نے کہا ’’ جب آپ انسانیت کیلئے کچھ کر رہے ہوتے ہیں تو آپ کو اندازہ ہوتا ہے کہ سیاست کی کیا اہمیت ہے‘‘۔ واضح رہے کہ انجلینا جولی آج کل اقوام متحدہ کی نمائندہ کے طور پر انسانیت کیلئے سرگرم ہیں۔ وہ 2012ء سے اب تک 40 سے زائد مہمات پر مختلف ملکوں کا دورہ کر چکی ہیں۔ پچھلے سال انسانی بنیادوں پر ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر اعزازی آسکر ایوارڈ بھی دیا چکا ہے۔ انہیں برطانوی ملکہ الزبتھ دوم کی طرف سے بھی پچھلے ہی ماہ بکنگھم پیالس میں ایک ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ جنسی طور ظلم کا نشانہ بننے والوں کیلئے جولی کی خدمات کے حوالے سے دیا گیا ہے۔ ان دنوں جولی کی نئی فلم ’’ ان بروکن ‘‘ کا انتظار کیا جا رہا ہے جو سابق اولمپین اور جنگ عظیم دوم میں بچ جانے والے جنگی قیدی لوئیس زیمپیرینی کی زندگی سے متعلق ہے۔ امکانی طور پر یہ فلم 25 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔