لاس اینجلس،13ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی اپنی نئی فلم ’’اَن بروکن‘‘ سے متعلق مختلف تقاریب میں حصہ نہیں لے سکیں گی کیونکہ وہ چھوٹی چیچک کے عارضہ کے سبب زیرعلاج ہیں۔ اداکارہ و فلم ساز جولی نے ایک ویڈیو کے ذریعہ یہ خبردی اور کہاکہ چھوٹی چیچک کے سبب وہ اپنی نئی فلم ’’اَن بروکن‘‘ کے پریمیئر میں شریک نہیں ہوسکیں گی۔ 39 سالہ جولی نے ویڈیو پیام میں مزید کہا کہ ’’جمعرات کی شب اس وباء کی تشخیص ہوئی اور وہ سرخ قالین پر پہنچنے کے بجائے اپنے گھر میں ہی شدید خراش کے سبب کھجانے میں مصروف ہیں‘‘۔ انھوں نے کہاکہ وہ بالکل دیانتداری اور وضاحت کے ساتھ کہہ دینا چاہتی ہیں کہ آخر کیوں وہ اس تقریب میں شریک نہیں ہورہی ہیں۔