انتھراکس انفیکشن کے شبہ میں سات افراد شریک دواخانہ

وشاکھاپٹنم 26 اپریل ( پی ٹی آئی ) سات افراد کو وشاکھاپٹنم میں انتھراکس بیماری کی علامتوں کے ساتھ یہاں دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے ۔ کنگ جارج ہاسپٹل کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سمجھا جاتا ہے کہ متاثرین یہاں سے قریب ایک گاوں سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں ایک مردہ گائے کا گوشت کھانے کے بعد یہ بیماری لاحق ہوئی ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ارجن نے بتایا کہ 13 افراد کا فی الحال مشتبہ انتھراس بیماری کا دواخانہ میں علاج کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 13 میں چھ افراد کو ایک ہفتہ پہلے شریک کیا گیا تھا جبکہ مزید سات افراد کو دو دن قبل یہاں شریک کروایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرین کے خون کے نمونوں کو معائنہ کیلئے بھیج دیا گیا ہے ۔