انتظامیہ اور ورکرس کے درمیان خوشگوار تعلقات پر کمپنی کی ترقی ممکن

گریٹر حیدرآباد آٹو موبائیل ورکشاپ ورکرس یونین کا کنونشن، ایس نریش کمار ڈپٹی کمشنر لیبر کا خطاب

حیدرآباد 26 اپریل (سیاست نیوز) ڈپٹی کمشنر آف لیبر ضلع رنگاریڈی مسٹر ایس نریش کمار نے کہاکہ اے آئی ٹی یو سی کی ملحقہ گریٹر حیدرآباد آٹو موبائیل ورک شاپس ورکرس اینڈ ایمپلائز یونین کی جانب سے پیش کردہ علیحدہ ویلفیر بورڈ کے قیام کی تجویز کو حکومت کے علم میں لاتے ہوئے عنقریب اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کرتے ہوئے آٹو موبائیل ورکرس اینڈ ایمپلائیز کو درپیش مسائل کی یکسوئی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایس نریش کمار آج یہاں گریٹر حیدرآباد آٹو موبائیل ورک شاپس ورکرس اینڈ ایمپلائیز یونین کے زیراہتمام بورڈ سے متعلق منعقدہ اسٹیٹ کنونشن کو بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے۔ اُنھوں نے بتایا کہ کمپنی انتظامیہ اور ورکرس کے درمیان باہمی تعاون اور خوشگوار تعلقات ہوں تو کمپنی کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے جبکہ کمپنی انتظامیہ اور ورکرس کے درمیان باہمی تعاون میں ٹریڈ یونینوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایمپلائیز کی ٹریڈ یونینوں سے انتظامیہ کو ہی راست فائدہ ہوتا ہے اور کمپنی میں پیش آنے والے مسائل کو ٹریڈ یونینوں کے ذریعہ بہ آسانی حل کرلیا جاسکتا ہے جبکہ ٹریڈ یونینوں کا قیام دستور ہند کی رو سے حق بجانب ہے۔ اُنھوں نے یونین قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ بجائے حکومت کی جانب سے ویلفیر بورڈ کے قیام کا انتظار کئے وہ خود ذاتی طور پر یونین کی جانب سے سوسائٹی قائم کرتے ہوئے سوسائٹی ایکٹ کے تحت ویلفیر بورڈ قائم کرے تو مناسب ہوگا جس کو حکومت کا تعاون بھی کیا جائے گا اور کہاکہ ورکرس کو ویلفیر بورڈ اگر ہو تو انھیں ہر قسم کی سہولت مہیا ہوگی۔ اُنھوں نے یونین کو تیقن دیا کہ وہ ورکرس کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ کے لئے تیار رہیں گے۔ اس موقع پر صدر گریٹر حیدرآباد آٹو موبائیل ورک شاپس، ورکرس اینڈ ایمپلائیز یونین ٹی راجندر کمار نے آٹو موبائیل ورکرس اور ایمپلائیز کو درپیش مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اُنھوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ آٹو موبائیل ورکرس اور ایمپلائیز کو علحدہ ویلفیر بورڈ کے قیام عمل میں لانے کے علاوہ ملازمت کی ضمانت، لیبر قوانین پر عمل آوری کے تحت کام کے وقت کا تعین، ای ایس آئی، پی ایف، الاؤنس، بونس، ٹی اے، ڈی اے، ایچ آر اے اور پنشن کے علاوہ دیگر تمام مراعات مہیا کی جائیں۔ اس موقع پر سینئر ایڈوکیٹ مسٹر ایم کے رتنم، کارگذار صدر گریٹر حیدرآباد آٹو موبائیل ورک شاپس، ورکرس اینڈ ایمپلائیز یونین مسٹر ایس این باشا، جنرل سکریٹری مسٹر محمد منیر خان، مسٹر گرویجن ایچ ایم ٹی نے بھی مخاطب کیا۔