پنشن رقم میں اضافہ، قرضوں کی معافی کیلئے مؤثر اقدامات : چندرابابو نائیڈو
حیدرآباد 5 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے اس بات کا اعادہ کیاکہ انتخابات کے موقع پر عوام سے کئے ہوئے وعدوں اور تیقنات کو وہ بہرصورت پورا کریں گے۔ اس سلسلہ میں اُنھوں نے کہاکہ انتخابات کے موقع پر پنشن کی رقم میں اضافہ کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، اقتدار حاصل ہونے کے ساتھ ہی اُنھوں نے پنشن کی رقم میں پانچ گنا اضافہ کردیا ہے۔ مسٹر چندرابابو نائیڈو نے مزید کہاکہ کسانوں کے زرعی قرضہ جات اور ڈاکرا خواتین کے قرضہ جات بھی بہرصورت معاف کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے اور قرضہ جات کی معافی میں حکومت کو خواہ کتنی مشکلات و مسائل درپیش کیوں نہ ہوں حکومت قرضہ جات کو معاف کرنے سے ہرگز منہ نہیں موڑے گی۔ چیف منسٹر نے مزید کہاکہ قرضہ جات معاف کرنے کے معاملہ میں کسی بینک نے بھی پہل نہیں کی لہذا بینکوں کو 20 فیصد رقومات فراہم کرتے ہوئے دوبارہ کسانوں کو قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ماباقی قرض رقومات سے متعلق مرحلہ وار اساس پر رقومات فراہم کی جائیں گی۔ اُنھوں نے آندھراپردیش کے قرض حاصل کئے ہوئے کسانوں کو اس بات کا مکمل بھروسہ دلایا ہے کہ وہ قرض رقومات کے سلسلہ میں ہرگز گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اُنھوں نے پولاورم پراجکٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ اسے آئندہ پانچ سال کے دوران مکمل کرنے کے اقدامات کریں گے اور اس پراجکٹ کی تکمیل کے لئے مرکزی حکومت سے اپنے اثر و رسوزح کا استعمال کرکے درکار رقومات حاصل کریں گے۔