تلنگانہ میں کانگریس تنہا حکومت تشکیل دے گی ، صدر پی سی سی تلنگانہ پنالہ لکشمیا کا ادعا
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ کانگریس کو واضح اکثریت حاصل ہوگی اور کانگریس پارٹی تنہا حکومت تشکیل دے گی ۔ 16 مئی کے بعد سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ فارم ہاوز تک محدود ہوجائیں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے آج گاندھی بھون میں مختلف اضلاع کے کانگریس قائدین کا جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کی کامیابی کا جائزہ لیا ۔ اس اجلاس میں سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا ، سابق ریاستی وزیر مسٹر محمد علی شبیر سابق صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی سرینواس کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مسٹر مدھو گوڑ یشکی ، مسٹر طاہر بن حمدان ، مسٹر بابر سلیم کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے وعدے کو پورا کیا ہے ۔ سونیا گاندھی نے تمام مخالفتوں اور رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ تلنگانہ کے عوام با شعور ہیں اور علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی کو ہی کامیاب بنائیں گے ۔ کانگریس پارٹی کو تنہا حکومت تشکیل دینے کے لیے اکثریت حاصل ہوگی ۔ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ 16 مئی کے بعد اپنے فارم ہاوز تک محدود ہوجائیں گے ۔ انہوں نے سربراہ ٹی آر ایس پر اقتدار کے لیے اکثریت حاصل ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا اور استفسار کیا کہ جب ٹی آر ایس کو 90 اسمبلی حلقوں پر کامیابی کا یقین ہے تو وہ مجلس سے کیوں بات چیت کررہی ہے ۔ تلنگانہ کے عوام نے کے سی آر اور ٹی آر ایس دونوں کو نظر انداز کردیا ہے کیوں کہ چندر شیکھر راؤ کی باتوں اور وعدوں پر عوام کو یقین نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس سربراہ نے پہلے کانگریس اور پھر دلت طبقہ کو دھوکہ دیا ہے ۔ کانگریس پارٹی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے اور ساتھ ہی کانگریس کی فلاحی اسکیمات سے عوام مطمئن ہیں اور آئندہ بھی کانگریس کو اقتدار حوالے کریں گے ۔ باغی امیدواروں اور مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث رہنے والے پارٹی قائدین کے خلاف پارٹی کارروائی کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 10 مئی کو اسمبلی لوک سبھا اور زیڈ پی ٹی سی امیدواروں کا اور 11 مئی کو بلدیات کے امیدواروں کا جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے تازہ حالت کا جائزہ لیا جائے گا ۔ کانگریس کے سینئیر قائد جاناریڈی کی جانب سے چیف منسٹر کے عہدے کے لیے اہل ہونے کا دعویٰ کرنے کے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر کا انتخاب پارٹی قیادت اور کانگریس لیجسلیچر پارٹی کرے گی ۔ وہ اس مسئلہ پر کوئی بھی ردعمل کا اظہار کرنا مناسب نہیں سمجھتے ۔۔