میرٹھ۔23مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) اداکارہ سے سیاستداں بننے والی نغمہ کے ساتھ آج نہایتی غیر معمولی واقعہ پیش آیا ۔ انتخابی مہم کے دوران ہاپور میں مقامی کانگریس رکن اسمبلی گجراج شرما نے نغمہ کا برسرعام بوسہ لے لیا ۔ رپورٹ کے مطابق برہم نغمہ نے رکن اسمبلی کی اس حرکت پر ناراضگی ظاہر کی اور انہیں پیچھے ڈھکیل دیا ۔ جلسہ عام کے دوران نغمہ کو دبوچ کر ایم ایل اے نے بوسہ لیا تووہ یکلخت حیران ہوگئی ۔
اداکارہ نغمہ میرٹھ حلقہ سے لوک سبھا انتخابات کا مقابلہ کررہی ہیں۔ اس حلقہ سے سابق میں محمد اظہر الدین نے مقابلہ کیا تھا ۔ نغمہ کو یہ گمان بھی نہیں تھا کہ ان کی خود کی پارٹی کے رکن ان کے ساتھ اس طرح کی دست درازی کریں گے ۔ نہایتی افسردہ نغمہ نے ایم ایل اے گجراج شرما کا ہاتھ فوری اپنے چہرے سے ہٹایا اور جلسہ عام سے خطاب کئے بغیر ہی روانہ ہوگئی ۔ اسی دوران مقامی میونسپل چیرمین مالتی بھارتی نے گجراج شرما کی اس حرکت کو خواتین کی توہین قرار دیا اور کہا کہ خواتین کا احترام کیا جانا چاہیئے اور انہیں معافی مانگنا ہوگا ۔ نغمہ ایم ایل اے کی دختر کی عمر کی ہیں۔ جمعہ کے دن نغمہ اپنا پرچہ نامزدگی داخل نہیں کرسکی تھیں کیونکہ ان کے پرچہ نامزدگی اور دیگر دستاویزات لانے والے شخص کو کلکٹر کے دفتر میں داخل ہونے نہیں دیا گیا تھا ۔