انتخابی مہمات کیلئے استعمال کئے جانے والے طیاروں اور ہیلی کاپٹرس کو پارکنگ کی مشکلات

نئی دہلی ۔ 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کا موسم آتے ہی جہاں الیکشن سے منسلک سازوسامان بنانے والوں کی چاندی ہوجاتی ہے وہیں مالدار سیاستدانوں کو ان کی مہمات کیلئے ’’نان شیڈول‘‘ طیارے اور ہیلی کاپٹر فراہم کرنے والی اسوسی ایشن کے بھی وارے نیارے ہوجاتے ہیں لیکن ’’زبردست کاروبار‘‘ کے باوجود آپریٹرس کی شکایت ہے کہ دہلی اور ممبئی ایرپورٹس پر پارکنگ کی ناکافی جگہ کی وجہ سے ان کا کاروبار کسی حد تک متاثر ہوا ہے۔ چارٹر طیارے اور ہیلی کاپٹر فراہم کرنے والے آپریٹرس کا کہنا ہیکہ یوں تو کاروبار ٹھیک ٹھاک ہی ہے لیکن دہلی اور ممبئی ایرپورٹس پر ’’نان شیڈول‘‘ طیاروں کے لئے پارکنگ کی سکڑتی ہوئی جگہ نے تشویشناک صورتحال اختیار کرلی ہے۔ اسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق ’’نان شیڈول‘‘ ایرلائن کے تحت تقریباً 320 طیارے اور ہیلی کاپٹرس ملک بھر میں استعمال کئے جارہے ہیں اور الیکشن کے موسم میں کاروبار کا جملہ تخمینہ 350 تا 400 کروڑ روپئے ہے لیکن دہلی اور ممبئی جیسے ایرپورٹس پر پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ یہاں کے آپریٹرس نے ’’نان شیڈول‘‘ فلائیٹس کیلئے گذشتہ کچھ سال سے پارکنگ کی جگہ میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے۔ بزنس ایرکرافٹ آپریٹرس اسوسی ایشن کے سکریٹری آر کے بالی نے یہ بات بتائی۔