انتخابی منشور حکومت کے لئے مقدس کتابوں کے مماثل

حیدرآباد /11 جون (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے کہا کہ انتخابی منشور حکومت کے لئے مقدس کتابوں کے مماثل ہے، جو بھی وعدے کئے گئے ہیں ان کو پورا کیا جائے گا۔ میڈیا پوائنٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات کہی۔ اس موقع پر ریاستی وزراء پوچارام سرینواس ریڈی، ٹی پدما راؤ، جوگو رامنا کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر فینانس نے کہا کہ گورنر کا خطبہ تلنگانہ کے 4 کروڑ عوام کی ترقی کی علامت ہے، ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت ترقی و بہبود کے نئے ریکارڈ درج کرائے گی۔ علاوہ ازیں کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے وعدہ کے معاملے میں حکومت اپنے عہد کی پابند ہے۔ انھوں نے کہا کہ دلت طبقہ کی ترقی پر 50 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے، سرکاری ہاسپٹلس کے بحران کو دیکھتے ہوئے ہر ضلع کے ہیڈ کوارٹر پر نمس کے طرز پر ہاسپٹل تعمیر کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پولاورم پراجکٹ کانگریس اور تلگودیشم کی سازش کا نتیجہ ہے۔

4 ریاستوں کے چیف منسٹرس اس کی مخالفت کر رہے ہیں، جب کہ آرڈیننس کی اجرائی کے خلاف وزیر اعظم سے نمائندگی کی گئی اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں احتجاج کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ پر جان قربان کرنے والوں کے خاندانوں کو فی خاندان دس لاکھ روپئے ایکس گریشیا فراہم کیا جائے گا اور خاندان کے کسی ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے گورنر کے خطبہ کو بنیاد بناکر اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف بے بنیاد جھوٹے الزامات عائد کر رہی ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم ان تمام الزامات کا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اسمبلی میں منہ توڑ جواب دیں گے۔ دریں اثناء ریاستی وزیر پوچارام سرینواس ریڈی نے کہا کہ کسانوں کے قرض معاف کرنے کے وعد پر حکومت پر اٹل ہے۔