سماج وادی پارٹی اور بی جے پی پر صدر یوپی پردیش کانگریس راج ببر کا الزام
احمدآباد۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش کانگریس صدر راج ببر نے آج یہ الزام عائد کیا کہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر حکمراں سماج وادی پارٹی اور بی جے پی فرقہ وارانہ جنون بھڑکانے کی سازش کررہے ہیں تاکہ رائے دہندوں کو فرقہ کی بنیاد پر تقسیم کرکے سیاسی فائدہ حاصل کیا جاسکے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راج ببر جوکہ پارٹی کی مہم 27 سال، یوپی بے حال‘‘ کی قیادت کررہے ہیں، کہا کہ اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کے دور حکومت میں لاقانونیت کے باعث خوف و دہشت کی فضاء قائم ہوئی ہے، کیونکہ حکمران جماعت ’’کریمنلس (مجرموں) اور کرپشن (رشوت ستانی) کی سرپرستی میں مصروف ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی میں مایوسی اور بددلی پھیل گئی ہے اور ریاست کے عوام، گزشتہ پارلیمانی انتخابات میں نریندر مودی کی قیادت پر بھروسہ کرنے پر کف ِ افسوس مل رہے ہیں جس کے باعث بی جے پی اور سماج وادی پارٹی پر شکست کا خوف طاری ہوگیا اور یہ دونوں جماعتیں مجوزہ اسمبلی انتخابات میں رائے دہندوں کی ازسرنو شیرازہ بندی کیلئے فرقہ وارانہ جنون بھڑکانے کی سازش کررہے ہیں جبکہ انہیں یہ احساس ہونا چاہئے کہ اس طرح کی سیاست، عوام کو زبردست نقصان پہنچے گا۔ صدر پردیش کانگریس نے یہ اُمید ظاہر کی کہ ریاست کے باشعور عوام، سیاسی سازش کو ناکام بنادیں گے اور آئندہ انتخابات میں کانگریس کی عظمت رفتہ کو بحال کریں گے۔ واضح رہے کہ اترپردیش کے رائے دہندوں کو رجھانے کیلئے ایک طرف ’’27 سال: یوپی بے حال‘‘ یاترا شروع کی گئی ہے تو دوسری طرف نائب صدر کانگریس راہول گاندھی بھی ’’کسان یاترا‘‘ پر نکل پڑے ہیں۔