انتخابی مصارف غلط پیش کرنے پر ٹی آر ایس ایم پی کویتا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

وزیر اعظم کے دفتر کے روبرو دھرنا منظم کرنے ٹی آر ایس کو مشورہ ، مدھوگوڑ یشکی کانگریس ترجمان کا بیان
حیدرآباد ۔ 23 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ترجمان آل انڈیا کانگریس کمیٹی مسٹر مدھوگوڑیشکی نے انتخابی مصارف غلط پیش کرنے والی ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ مسز کویتا کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا اور کہا کہ مگرمچھ کے آنسو بہانے کے بجائے وزیر اعظم کی قیام گاہ پر احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کو مشورہ دیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مدھو گوڑ یشکی نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا نظام آباد سے ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والی رکن پارلیمنٹ و دختر چیف منسٹر تلنگانہ مسز کویتا نے انتخابی مصارف کے معاملے میں جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو گمراہ کیا ہے ۔ جس پر الیکشن کمیشن نے مسز کویتا کو نوٹس روانہ کی ہے ۔ انہوں نے مسز کویتا کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مسز کویتا کے علاوہ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے تلنگانہ سے سوتیلا سلوک کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے مگرمچھ کے آنسو بہانے کا الزام عائد کیا اور ساتھ ہی ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ سے استفسار کیا کہ تلنگانہ حکومت نے ریاست میں کتنے مکانات منظور کرنے کا حکومت سے تحریری مطالبہ کیا تھا اس کی کاپی کو منظر عام پر لایا جائے ۔ مسٹر مدھو گوڑیشکی نے کہا کہ تلنگانہ کو مرکز سے فنڈز لانے اور دوسرے اسکیمات میں تلنگانہ کو حصہ دار بنانے کے معاملے میں مرکزی حکومت پر دباؤ بنانے میں ٹی آر ایس حکومت پوری طرح ناکام اور خود اپنی جانب سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ ترجمان آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے کہا کہ صرف میڈیا کے ذریعہ مرکزی حکومت پر تلنگانہ کے ساتھ سوتیلا سلوک کرنا کافی نہیں ہے ۔ اگر تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ تلنگانہ کے مفادات کے لیے سنجیدہ ہیں تو وہ تلنگانہ کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں پر لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں احتجاج منظم اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیام گاہ کا گھیراو کریں ۔۔