انتخابی عمل کو صاف و شفاف بنانے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی جانچ و تنقیح

وکٹری پلے گراونڈ میں مظاہرہ ، سیاسی قائدین کی شرکت ، ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر دانا کشور کا بیان
حیدرآباد۔26ستمبر(سیاست نیوز) الکٹرانک ووٹنگ مشین کی جانچ اور تنقیح کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی میں ضلع الکٹورل آفیسر نے تنقیح و جانچ کے عمل کا آغاز کیا ۔ تلنگانہ میں مجوزہ اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں ضلع حیدرآباد میں استعمال کئے جانے والے ووٹنگ مشینوں کے پہنچنے کے بعد آج سے وکٹری پلے گراؤنڈ انڈور اسٹیڈیم میں EVM کی جانچ اور تنقیح کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔ مسٹر دانا کشور ضلع الکٹورل آفیسر و کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بتایا کہ الکٹرانک ووٹنگ مشین ‘ بیالٹ یونٹ اور کنٹرول یونٹ کی مکمل جانچ کے لئے 20یوم درکار ہوں گے اور ان ایام کے دوران سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے علاوہ BEL کمپنی کے ماہرین اور انتخابی عملہ کی موجودگی میں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تنقیح کا عمل جاری رہے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ مشینوں کی جانچ کے عمل کی مکمل ریکارڈنگ کے علاوہ ویب کیمروں کے ذریعہ پورے عمل پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔جی ایچ ایم سی حدود میں استعمال کیلئے 6ہزار 120 بیالٹ یونٹس اور 4ہزار 780کنٹرول یونٹ پہنچ چکے ہیں اور یومیہ 700 مشینوں کی جانچ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور تنقیح و جانچ کا یہ عمل صبح 10 بجے تا شام5بجے جاری رہے گا۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی یہ عمل جاری ہے اور اس کی نگرانی ان اضلاع کے ضلع الکٹورل عہدیدار کر رہے ہیں۔ حیدرآباد میں استعمال کی جانے والی ووٹنگ مشینوں کی تنقیح و جانچ کے سلسلہ میں تمام مسلمہ سیاسی جماعتوں کو مطلع کرتے ہوئے ان کے نمائندوں کو موجود رکھنے کی خواہش کی گئی تھی جس کے مطابق آج بھی تنقیح کے دوران سیاسی جماعتوں کے نمائندے موجود تھے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں جو الکٹرانک ووٹنگ مشین رائے دہی کے لئے استعمال کئے جائیں گے وہ انتہائی عصری الکٹرانک ووٹنگ مشینیں ہیں اور انہیں تنقیح و جانچ کے بعد بیالٹ کی جگہ گلابی پرچی لگاتے ہوئے محفوظ کیا جا رہاہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع الکٹورل آفیسر نے مشینوں کی تنقیح کے عمل کو شفاف اور بہتر بنانے کیلئے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنقیح کے عمل کے دوران کسی بھی شخص کو موبائیل فون ساتھ رکھنے کی اجازت نہ دی جائے اور تمام مشینوں کو محفوظ بناتے ہوئے انہیں مہر بند کرنے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ برتی جائے تاکہ عوام کو الکٹرانک ووٹنگ مشین پر جو شبہات ہیں انہیں دور کیا جاسکے ۔