انتخابی عمل پر وضاحت کیلئے چیف الیکٹورل آفیسر کی ہائی کورٹ میں طلبی

حیدرآباد۔/19مارچ، ( این ایس ایس ) آندھرا پردیش کی تقسیم کیلئے جاری عمل کے درمیان ریاست میں عام انتخابات کے انعقاد کے دستوری جواز کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کردہ ایک درخواست کو قبول کرتے ہوئے ہائی کورٹ کی ایک ڈیویژن بنچ نے ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر بھنورلعل کو طلب کرتے ہوئے موقف واضح کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پامرو کے رکن اسمبلی نے اپنی درخواست میں تقسیم کے عمل کے درمیان متحدہ ریاست میں انتخابات کے انعقاد کے دستوری جواز کو چیلنج کیا تھا اور استفسار کیا تھا کہ دو نئی ریاستوں میں کس بنیاد پر ارکان اسمبلی کی تقسیم کی جائے گی۔ انہوں نے یہ استدلال بھی پیش کیا کہ تقسیم کے عمل سے قبل انتخابی عمل کی تکمیل غیر دستوری ہوگی۔عدالت نے بھنور لعل کو ہدایت کی ہے کہ وہ کل جمعرات کو سماعت کے دوران حاضر رہیں۔

انٹر نیٹ انتخابی مہم پربھی ضابطہ اخلاق کا اطلاق
حیدرآباد۔/19مارچ، ( پی ٹی آئی) الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ڈائرکٹر جنرل اکشئے راوت نے آج یہاں ایک میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ اور سوشیل ویب سائیٹس کے ذریعہ چلائی جانے والی مہم پر بھی انتخابی ضابطہ اخلاق کا اطلاق ہوگا۔ سوشیل ویب سائٹ پر اشتہارات اور دیگر طریقوں سے چلائی جانے والی مہم کے بارے میں الیکشن کمیشن کو مصارف اور دیگر سرگرمیوں کے بارے میں مطلع کرنا ضروری ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے سوشیل میڈیا اکاؤنٹس کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔