انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ میں تاخیر

رمضان کے بعد منصوبہ کو قابل عمل لانے اور کاموں میں تیزی لانے متعلقہ عہدیداروں کا تیقن

حیدرآباد۔5مئی (سیاست نیوز)ماہ رمضان المبارک کے بعد چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کو مزید تیز کردیا جائے گا۔ریاست اور ملک میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب کاموں کی حوالگی میں ہونے والی تاخیر کے سلسلہ میں عہدیداروں نے بتایا کہ اب ان کاموں کو شروع کردیا گیا ہے اور بہت جلد ان کاموں کو مزید تیز کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے اطراف آہنی رکاوٹیں کھڑی کرنے کے فیصلہ کے بعد کئے جانے والے اقدامات کے ساتھ ساتھ دیگر کاموں کی انجام دہی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ۔حکومت تلنگانہ اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی نگرانی میں انجام دئیے جانے والے ان کاموں کو تیز کرنے کیلئے کئے عہدیدار متحرک ہو چکے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے اطراف 125 آہنی رکاوٹیں مستقل لگائی جائیں گی اور 28آٹو میٹک آہنی رکاوٹیں نصب کی جا رہی ہیں جنہیں اہم شخصیتوں کی آمد پر نیچے اوپر کیا جاسکتا ہے ۔اس کام کی انجام دہی کیلئے 2.38 کروڑ روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ شاہ علی بنڈہ سے چارمینار کی سمت آنے والے راستہ اور گلزار حوض سے چارمینار کی سمت جانے والے راستہ پر یہ آٹو میٹک آہنی رکاوٹیں نصب کی جائیں گی ۔چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس پراجکٹ کو بہر صورت جاری سال کے اواخر سے قبل مکمل کرلئے جانے کے اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور اس کے لئے تیار کی گئی منصوبہ بندی پر ماہ جون کے اوائل سے عمل کیا جائے گا۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے پراجکٹس میں سب سے اہم پراجکٹ کے موقف کے حامل اس منصوبہ کو قابل عمل بنانے کے لئے جو رکاوٹیں ہیں ان رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اس پراجکٹ کو جلد از جلد مکمل کرلیا جائے ۔انتخابی ضابطہ اخلاق کے ختم ہوتے ہی چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے دیگر کاموں کی حوالگی اور تخصیص کے ساتھ بجٹ کی اجرائی کا عمل شروع کردیا جائے گا اور ٹھیکہ دارو ںکو معینہ وقت میں کاموں کو مکمل کرنے کے لئے پابند بنایاجائے گا۔