انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اب ایپ کے ذریعہ شکایت کریں

حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( ایجنسیز ) : ملک کے انتخابات کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ، الیکشن کمیشن آف انڈیا ایک ایپ جاری کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جس کے ذریعہ شہری سیاسی جماعتوں کی جانب سے کی جانے والی انتخابی ضابطہ اخلاق کی کسی خلاف ورزی کی رپورٹ دے سکتے ہیں ۔ چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے کہا کہ ’اس اپلیکیشن کو cvigil ‘ کا نام دیا گیا ہے اس حقیقت پر زور دینے کے لیے کہ ہر شہری انتخابات کے آزادانہ اور منصفانہ انعقاد میں ایک سرگرم رول ادا کرسکتا ہے ۔ اس ایپ کو استعمال کرتے ہوئے شہری غیر قانونی مہم اور سرگرمیوں کے بارے میں فوری طور پر متعلقہ اتھارٹیز کو اطلاع دے سکتے ہیں ۔ سی ای او نے کہا کہ ’ یہ اپلیکیشن یوزر ۔ فرینڈلی ہے اور اسے استعمال کرنا آسان ہے ۔ اسے عنقریب تلنگانہ میں لانچ کیا جائے گا ‘ ۔ یہ ایپ کو ایک اینڈرائیڈ فون کی ضرورت ہوتی ہے جو کیمرہ ، انٹرنیٹ کنکشن اور جی پی ایس سے لیس ہو ۔ اس میں ایک یوزر کو جو کرنا ہوتا ہے وہ یہ کہ غیر قانونی سرگرمی کا ایک ویڈیو یا پکچر کلک کریں ، اس واقعہ کو چند الفاظ میں بیان کریں اور اسے ایپ پر اپ لوڈ کریں ۔ شکایت درج ہوجانے پر یہ انفارمیشن ڈسٹرکٹ کنٹرول روم پہنچ جاتی ہے جہاں سے اسے مناسب فیلڈ یونٹ کو بھیجا جاتا ہے ۔ یہ یونٹس ایک اور ایپ سے لیس ہوں گے جسے cvigil dispatcher کہا جاتا ہے جو ان کے لیے غیر قانونی سرگرمی کے مقام تک پہنچنے میں معاون ہوگا ۔ جی پی ایس سسٹم کی مدد سے کارروائی کرنے پر فیلڈ یونٹ متعلقہ ریٹریننگ آفیسر کو ایکشن ٹیکن رپورٹ میل کرے گا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ اس اپلیکیشن میں ان ۔ بلٹ خصوصیات ہیں جو اس کے غلط استعمال کو روکتی ہیں ۔ یہ ایپ صرف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں سے متعلق شکایات ہی وصول کرے گا اور ایک شکایت کو اپ لوڈ کرنے کے پانچ منٹ کے اندر یوزر کو اس ایشیو پر ایک رپورٹ فراہم کی جائے گی ۔ یہ ایپ پری ۔ ریکارڈیڈ امیجس یا ویژولس کے اپ لوڈنگ کی اجازت نہیں دے گا ۔ یہ اپلیکیشن اس سال جن ریاستوں میں انتخابات ہونے والے ہیں ان ہی ریاستوں میں ایکٹیو ہوگا ۔۔