انتخابی شیڈول کی اجرائی سے قبل ہی حکام کی تیاریاں عروج پر

آج سے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تنقیح کا عمل ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے تیاریوں کا جائزہ لیا

حیدرآباد۔25ستمبر(سیاست نیوز) ریاست میں اسمبلی کی تحلیل کے بعد فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کا عمل جاری ہے تاہم اس دوران انتخابی عملہ کی جانب سے انتخابات کی تیاریاں عروج پر نظر آرہی ہیں جبکہ ابھی مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی اشارہ نہیں دیا گیا ہے کہ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کب ہونگے ۔ شہر میں انتخابی عمل کے نگران ادارہ بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کے عمل کی تکمیل کے فوری بعد شہر میں استعمال کی جانے والی الکٹرانک ووٹنگ مشین کی تنقیح کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورضلع الکٹورل آفیسر و کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے 26 ستمبر سے شروع کئے جانے والے EVM کی تنقیح کے عمل کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مسٹر دانا کشور نے چادرگھاٹ وکٹری پلے گراؤنڈ انڈور اسٹیڈیم میں 26 ستمبر سے الکٹرانک ووٹنگ مشین کی تنقیح و جانچ کے عمل کیلئے انتظامات کا دیگر عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ لیا ۔بتایاجاتاہے کہ تلنگانہ میں انتخابی تیاریوں کے سلسلہ میں الکٹرانک ووٹنگ مشین تمام اضلاع میں پہنچائے جا چکے ہیں اور حیدرآباد میں بھی مشین پہنچ چکے ہیں جن کی کل سے ماہرین کی موجودگی میںتنقیح کی جائیگی۔ تلنگانہ میں انتخابی تیاریوں کے متعلق اپوزیشن کا کہناہے کہ ریاست میں برسراقتدار اور حلیف جماعت نے تمام امور طئے کر لئے اور ان کے اشاروں پر تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ عام طور پر ووٹنگ مشینوں کی جانچ اور دیگر امور جیسے حلقہ واری اساس پر الکٹورل آفیسر کی تعیناتی وغیرہ کا عمل انتخابی شیڈول کی اجرائی کے ساتھ عمل میں لایا جاتا ہے لیکن تلنگانہ میں اسمبلی کی تحلیل کے فوری بعد ان کی وجہ سے ایسا محسوس ہو رہاہے کہ انتخابی عملہ بالخصوص اعلی عہدیداروں کو شیڈول موصول ہوچکا ہے اسی لئے پورے وثوق کے ساتھ تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں ۔ وکٹری پلے گراؤنڈ کے انڈور اسٹیڈیم میں ضلع حیدرآباد میں استعمال کئے جانے والے تمام الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی جانچ و تنقیح کے بعد انہیں محفوظ کردیا جائے گا ۔ اس تنقیح کے دوران ضلع الکٹورل آفیسر کے علاوہ حلقہ واری الکٹورل آفیسرس موجود رہیں گے اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی کو بھی یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔