جناب زاہد علی خاں کے فیصلے پر اظہار مسرت ، ڈاکٹر مجید خاں کا بیان
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : معروف ماہر نفسیات ڈاکٹر مجید خاں نے حسب ذیل بیان جاری کیا ہے ۔ مجھے یہ خبر پڑھ کر انتہائی حسرت ہوئی کہ جناب زاہد علی خاں صاحب نے انتخابی سیاست سے اپنی سبکدوشی کا اعلان کیا اور کہا کہ تقریبا آج تمام سیاسی پارٹیوں میں اخلاقی اقدار اور آئیڈیالوجی کا فقدان ہے ۔ سیاسی پارٹیاں عوامی مفادات کی بجائے اقتدار کی راہداریوں تک رسائی حاصل کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ آج اقتدار کی خاطر فرقہ پرست جماعتوں سے سازباز کرنے آمادہ و تیار ہیں ۔ ان حالات میں وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے لیے بہتر راستہ ملت اسلامیہ کی خدمت ہے ۔ ماشاء اللہ یہ تو آپ کر ہی رہے ہیں ۔ روزنامہ سیاست کی خدمات میں یہ ایک اور سنگ میل ہے اور ایسی قربانیوں کی مثالیں بہت کم ملتی ہیں ۔ زاہد صاحب کی بے لوث خدمات نہ صرف آندھرا پردیش بلکہ شمالی ہندوستان اور گجرات میں بھی پھیلی ہوئی ہیں ۔
زاہد صاحب کی ہمہ گیر ، ہمہ جہت اور روزمرہ حالات کے نئے چیلنجس اور تقاضوں کا مقابلہ کرنے والی ترقی پذیر شخصیت کی وسعت اور ان کی فعال و ہمہ رخی کارکردگی کسی بھی ایک سیاسی جماعت کے کوزے میں بند نہیں ہوسکتی ۔ چاہے وہ حیدرآباد کے مسلم سماج کے مسائل ہوں یا پھر گجرات کے فسادات سے متاثرہ لوگوں کی امداد اور اب مظفر نگر کے حالیہ فسادات میں ان کی خدمات سے سارا ہندوستان واقف ہے ۔ ملت اسلامیہ کو ایسی شخصیت کی ضرورت ہے اور میری درخواست و خواہش ہے کہ وہ قومی سطح پر بھی اپنی خدمات شروع کریں ۔ اللہ تعالی سے ہم دعاگو ہیں کہ ان کی عمر میں درازی ہو ۔ ان کو چاق و چوبند اور صحت مند رکھے اور ان کے عزائم میں قوی وسعت دے ۔۔