انتخابی سروے چیوڑلہ سے کانگریس کی کامیابی کے حق میں

وشویشور ریڈی کا مہیشورم منڈل میں دورہ، رائے دہندوں سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 27۔ مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا حلقہ چیوڑلہ کے کانگریس امیدوار وشویشور ریڈی نے آج مہیشورم منڈل کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انتخابی سروے کانگریس پارٹی کے حق میں ہیں اور برسر اقتدار پارٹی شکست کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیوڑلہ میں کانگریس کو شکست دینے کے لئے چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے فرزند کے ٹی آر توجہ مرکوز کرچکے ہیں اور دولت اور طاقت کے استعمال کی تیاری کی جارہی ہے ۔ سرکاری نظم و نسق کو ٹی آر ایس کے حق میں استعمال کرتے ہوئے انتخابی قواعدکی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے وشویشور ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے قائدین اور کارکن ان سازشوں کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے منصوبہ کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نہ صرف چیوڑلہ بلکہ دیگر لوک سبھا حلقوں میں عوام ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے ۔ وشویشور ریڈی نے کہا کہ کونسل کی تین نشستوں پر کانگریس کے تائیدی امیدواروں کی کامیابی سے پارٹی کیڈر میں جوش و خروش میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی جذبہ کے ساتھ کیڈر لوک سبھا کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہا ہے۔