انتخابی اعلامیہ کی اجرائی تک اہل رائے دہندوں کا اندراج

حیدرآباد 28 نومبر ( آئی این این ) کمشنر بلدیہ و اسپیشل آفیسر ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے مطلع کیا ہے کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی تک اہل رائے دہندے اعلامیہ کی اجرائی تک اپنے نام فہرست رائے دہندگان  میں شامل کرواسکتے ہیں اور کچھ غلطیاں ہوں تو انہیں بھی درست کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وارڈ کے اعتبار سے فہرست رائے دہندگان کا پہلے ہی اعلان کیا جاچکا ہے اور بی سی ووٹر لسٹ بھی سرکل دفاتر میں چسپاں کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو رائے دہندے اپنے نام شامل کروانا چاہتے ہیں یا تصحیح کروانا چاہتے ہیں یا شبہات دور کرنا چاہتے ہیں وہ 2 ڈسمبر تک اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ بی سی ووٹر کی قطعی فہرست 8 ڈسمبر کو شائع کردی جائیگی ۔ کمشنر بلدیہ نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں جملہ 150 وارڈز ہیں اور ان کیلئے ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسروں کا پہلے ہی تقرر عمل میں لایا جاچکا ہے اور ان کیلئے متعلقہ زونس میں ٹریننگ کلاسس بھی شروع کردی گئی ہیں۔ کشمنر نے مزید بتایا کہ ریٹرننگ آفیسروں کو چاہئے کہ وہ اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں کا معائنہ کریں اور اس کے بعد قطعی نوٹس شائع کی جائیگی ۔ انہوں نے بتایا کہ تقرر کردہ ریٹرننگ و اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسروں کے دوسرے ٹریننگ پروگرام کا ریاستی الیکشن کمشنر مسٹر ناگی ریڈی یکم ڈسمبر کو جے این ٹی یو فائن آرٹس کالج میں گیارہ بجے دن انعقاد عمل میں لائیں گے ۔ ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے کہا کہ مسلمہ سیاسی جماعتوں کا ایک اجلاس 5 ڈسمبر کو منعقد کیا جائیگا ۔ انہوں نے تمام جماعتوں کے سٹی صدور اور سکریٹریز سے اس اجلاس میں شرکت کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان کی تفصیلات کو پہلے ہی جی ایچ ایم سی کی ویب سائیٹ پر پیش کردیا گیا ہے اور وارڈ کے اعتبار سے بھی تفصیلات آئندہ 10 دنوں میں جی ایچ ایم سی ویب سائیٹ پر پیش کردی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کام کیلئے مرکز برائے بہتر حکمرانی کی مدد حاصل کی جا رہی ہے ۔