انتخابی اصلاحات کیلئے سیاسی جماعتیں غیر سنجیدہ

ضابطہ اخلاق کو اہمیت دینے کوئی بھی تیار نہیں : ٹی ایس کرشنا مورتی
حیدرآباد 7 مئی ( پی ٹی آئی ) سابق چیف الیکشن کمشنر ٹی ایس کرشنا مورتی نے حیرت کا اظہار کیا کہ سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کو آگے بڑھانے میں دلچسپی نہیں دکھا رہی ہیں ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ یہ جماعتیں موجودہ حالات کو برقرا ر رکھنے ہی میں خوش ہیں۔ ملک میں جاریہ لوک سبھا انتخابات کی مہم کے تعلق سے انہوں نے سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف شخصی حملوں میں ملوث ہو رہی ہیں حالانکہ ان سے بچا جاسکتا ہے ۔ کرشنا مورتی نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی جماعت ایسا لگتا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کو اہمیت دینے تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک قانون کی بالادستی کیلئے احترام نہیں ہوتا اس وقت تک ایسا مسئلہ پیدا ہوتا رہے گا ۔ لوگ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرکے نفرت انگیز تقاریر کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کی بہ نسبت اب انتخابی اصلاحات کی ضرورت زیادہ ہے ۔ اگر سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کیلئے سنجیدہ ہیں تو پھر انہیں اپنے منشور میں شامل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ بھی چل رہا ہے سیاسی جماعتیں اسی سے خوش ہیں اور مطمئن ہیں۔ لا کمیشن ‘ الیکشن کمیشن ‘ گوسوامی اور اندرجیت گپتا کمیشن نے بھی انتخابی اصلاحات کی سفارشات پیش کی ہیں لیکن ان پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے ۔