تریپورہ میں 85 اور آسام میں 76 فیصد رائے دہی
اگرتلہ ؍ گوہاٹی ، 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) تریپورہ میں لوک سبھا کی ایک نشست کیلئے 85 فی صد کی زبردست رائے رہی ریکارڈ ہوئی، جبکہ آسام کی پانچ نشستوں میں 76 فی صد پولنگ درج کی گئی، جو ہندوستان کے عام انتخابات کا پہلا مرحلہ ہوا جس کا آج اس ملک کے شمال مشرق سے پُرامن آغاز ہوگیا۔ تریپورہ میں جہاں الیکشن تریپورہ ویسٹ کی نشست کیلئے منعقد کیا گیا، چیف الکٹورل آفیسر اشوتوش جندال نے کہا کہ 85 فی صد رائے دہندوں نے ووٹ ڈالے جبکہ چناؤ کا انعقاد کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ سے پاک رہا۔ یہ بیان کرتے ہوئے کہ 200 بوتھ کے پاس شام 7 بجے تک طویل قطاریں دیکھنے میں آئیں، جندال نے کہا کہ مکمل حساب ابھی ممکن نہیں ہے۔ انھوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ یہ تناسب مزید بڑھ سکتا ہے۔ آسام میں 76 فی صد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا جبکہ بڑی تعداد میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں خراب ہونے کی اطلاع بھی ہے جس کے پیش نظر بعض مقامات پر دوبارہ رائے دہی پر غور کیا جارہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروںنے کہا کہ ووٹنگ کے تناسب میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ پولنگ اسٹیشنوں کے روبرو طویل قطاریں تھیں۔