ٹی آر ایس قائد کے شیوکمار کی کانگریس میں شمولیت ، کانگریس کی خاموش آندھی میں ٹی آر ایس بہہ جائے گی ، اتم کمار
حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کے درمیان قائدین کے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کے عمل کا بھی آغاز ہوگیا ہے ۔ ٹی آر ایس کے شیو کمار ریڈی نے اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ تلنگانہ میں ایک طرف ٹی آر ایس اپنی حکومت کو برقرار رکھنے کے لیے جہاں کوشاں ہیں وہیں کانگریس اقتدار حاصل کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے ۔ اور ٹی آر ایس کے ناراض قائدین کو کانگریس میں شامل کرنے کا کوئی بھی موقع ضائع نہیں کررہی ہے ۔ 2014 کے عام انتخابات میں اسمبلی حلقہ نارائن پیٹ ضلع محبوب نگر سے ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرتے ہوئے شکست سے دوچار ہوجانے والے شیو کمار ریڈی نے تلنگانہ کانگریس کے انچارج آر سی کنٹیا ، دوسرے اے آئی سی سی سکریٹریز صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کانگریس کی سینئیر قائد ڈی کے ارونا کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی ۔ گذشتہ انتخابات میں شیو کمار ریڈی نے اپنے حریف تلگو دیشم امیدوار راجندر ریڈی کے ہاتھوں معمولی ووٹوں سے شکست کھا گئے تھے ۔ انتخابات میں کامیابی بعد راجندر ریڈی نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی جس کے بعد شیو کمار ٹی آر ایس کی سیاسی سرگرمیوں سے دور ہوگئے تھے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے اصولوں سے اتفاق کرنے والے قائدین کو غیر مشروط کانگریس پارٹی میں شامل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شیو کمار ریڈی کے کانگریس میں شمولیت سے پارٹی مزید مستحکم ہوئی ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ عوام ریاست میں تبدیلی چاہتے ہیں اور کانگریس تیزی سے متبادل بن کر ابھر رہی ہے ۔ دن بہ دن ٹی آر ایس کا گراف گھٹ رہا ہے اور کانگریس کا گراف بڑھ رہا ہے ۔ کانگریس کی خاموش آندھی میں ٹی آر ایس بہہ جائے گی ۔۔