آر بی آئی سے تفصیلات طلب کرنے کی تجویز
محکمہ پولیس اور انتخابی عہدیداروں کو مشکلات ممکن
حیدرآباد۔5نومبر(سیاست نیوز) انتخابات کے دوران ریاست تلنگانہ میں سیاسی قائدین کی جانب سے ای۔ویالیٹ کے ذریعہ رائے دہندوںکو رقومات منتقل کی جائیں گی ! الکٹرانک طرز ادائیگی کے چلن میں ہونے والے اضافہ کے کے بعد اب یہ کہا جا رہاہے کہ سیاسی قائدین اور امیدواروں کے لئے اپنے رائے دہندوں کو رقومات ادا کرنے کا نیا طریقہ کار دستیاب ہوا ہے اور اس طریقہ کار کے استعمال کے ذریعہ امیدوار جو اپنے رائے دہندوں کو رشوت دینا چاہتے ہیں وہ بہ آسانی اس طریقہ سے اپنے رائے دہندوں تک پیسے راست منتقل کرسکتے ہیں اور اس کے لئے انہیں کئی پلیٹ فارم دستیاب ہیں۔الیکشن کمیشن اور محکمہ پولیس کی جانب سے انتخابات سے قبل رقومات کی منتقلی اور تقسیم کے خلاف سخت مہم چلائی جا تی ہے اور شہر اور اضلاع کی اہم اور غیر متوقع مقامات پر تلاشی مہم کے ذریعہ اس طرح کے ناجائز و غیر قانونی عمل کو روکنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں لیکن اب ڈیجیٹل انڈیا کے الکٹرانک ادائیگی کے دور میں محکمہ پویس اور انتخابی عہدیداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ انہیں اس طرح کی رقومات کی تقسیم کو روکنے کا کوئی میکانزم نہیں ہے لیکن سائبر عہدیداروں کا کہناہے کہ اس طریقہ کار کو بھی روکا جا سکتا ہے لیکن اس کے لئے ریزرو بینک آف انڈیا سے تفصیلات درکار ہوں گی کیونکہ شخصی تفصیلات اور رقمی منتقلی کے سلسلہ میں درکار تفصیلات صرف ریزرو بینک آف انڈیا میں موجود ہوتی ہیں ۔ الکٹرانک رقمی منتقلی اور رائے دہندوں تک راست رقومات کی ای۔ پے منٹ کے ذریعہ منتقلی کے سلسلہ میں پہلی مرتبہ شکایات ریاست کرناٹک کے گذشتہ اسمبلی انتخابات میں منظر عام پر آئی تھیں جس کے بعد مختلف اداروں کی جانب سے چوکسی اختیار کی گئی ہے بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں اب تک اس سلسلہ میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہیں لیکن انتخابی عہدیداروں اور سائبر کرائم کے ذمہ داروں نے اس معاملہ میں چوکسی اختیار کرلی ہے تاکہ اس طرح کی کسی بھی مشتبہ منتقلی کے خلاف فوری کاروائی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ واضح رہے کہ الکٹرانک ادائیگی کے معاملہ میں راست رقمی منتقلی الکٹرانک کھاتہ کے علاوہ بینک کھاتہ میں منتقلی کی گنجائش موجود ہے لیکن اس معاملہ میں ادائیگی کرنے والوں کو کافی احتیاط سے کام کرنا ہوگا کیونکہ مسلسل ادائیگی کے سبب رقم منتقل کرنے والے تک پہنچنا کوئی مشکل کام نہیں ہوگا اسی لئے محکمہ پولیس کے عہدیدارو ںکی جانب سے الیکشن کمیشن کے ذریعہ ریزرو بینک سے تفصیلات کے حصول کے متعلق غور کیا جا رہاہے اور عہدیدارو ںکو اس بات کا خدشہ ہے کہ آئندہ دنوں میں الکٹرانک رقومات کی منتقلی کی شکایات موصول ہوسکتی ہیں۔